یو اے ای حکومت نے کے پی ٹی کا پورٹ لے کر اپنی دوستی کا حق ادا کیا، گورنر سندھ
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی حکومت نے کے پی ٹی کا پورٹ لے کر اپنی دوستی کا حق ادا کردیا۔
کراچی میں پولو گراؤنڈ میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد گورنر سندھ نے متحدہ عرب امارات کے قونصل خانہ کے عہدیداران کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے دوست اور ہر مشکل وقت میں ملک کے ساتھ کھڑے رہنے والے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) قونصل جنرل اور قونصلیٹ کے دیگر عہدیداران آج نماز میں شریک تھے انھیں عید کی مبارکباد دیتا ہوں۔
کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ یو اے ای نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا اور اس کی حالیہ مثال ہمارا کے پی ٹی کا پورٹ ہے جو یو اے ای حکومت نے لیا ہے۔ اس سے دنیا میں پیغام گیا ہے کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لئے ساز گار ملک ہے اور ساتھ ہی متحدہ عرب امارات نے اپنی دوستی کا حق بھی ادا کیا ہے۔
گورنر سندھ نے عالم اسلامی کو عید اور حج کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سنت ابراہیمی ہمیں درس دیتا ہے کہ تمام مسلمان بھائیوں کا خیال رکھیں اور انھیں مشکل وقت میں فراموش اور مایوس نہ کریں۔
اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج پاکستان بڑی آزمائش سے گزر رہا ہے، پاکستان کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کی مشکلات دور فرمائے۔
Comments are closed on this story.