Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پسوڑی کے بھارتی ریمک پر شے گل کا ردعمل سامنے آگیا

حال ہی میں بھارتی گلوکار ارجیت سنگھ نے پسوڑی گانے کا ریمک جاری کیا ہے
شائع 28 جون 2023 09:22pm

کوک اسٹوڈیو کے گانے پسوڑی کے بھارتی ریمیک پر پاکستانی اور بھارتی مداحوں کی تنقید کے بعد اب گلوکارہ شے گل کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے۔

پسوڑی کوک اسٹوڈیو کے سیریز 14 کا مقبول ترین گانا ہے جسے پاکستانی گلوکار علی سیٹھی اور گلوکارہ شے گِل نے گایا ہے۔ یوٹیوب پر اب تک اسے 598 ملین بار سنا جا چکا ہے۔

بالی وڈ اداکار کارتک آریان اور اداکارہ کیارا ایڈوانی کی آئندہ ریلیز کی جانے والی فلم ’ستیہ پریم کی کتھا‘ کیلیے اس مقبول گانے کا گلوکار اریجیت سنگھ اور گلوکارہ تلسی کمار کی آواز میں ریمیک بنایا گیا جو سننے والوں کو متاثر کرنے میں ناکام رہا۔

سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے بے انتہا تنقید اور ناپسندیدگی کے اظہار کے بعد شے گل نے بھی اپنا ردعمل دیا۔

شے گل نے انسٹاگرام اسٹوری پر ویڈیو کے ذریعے اپنے مداحوں کو کہا کہ میں یہ ویڈیو اس لیے بنا رہی ہوں کیونکہ میں پسوڑی ریمیک پر بات کرنا چاہ رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ مجھ سے بہت سارے لوگ سوال کررہے ہیں کہ یہ میرا فیصلہ تھا، لیکن میں گانے کے حقوق نہیں رکھتی، اس لیے یہ گانا میں نےفروخت نہیں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں اس بارے میں بھی بات کرنا چاہتی ہوں جو لوگ پسوڑی کے نئے ریمیک پر نفرت کا اظہار کررہے ہیں۔

پسوڑی کے اصل گانے کی گلوکارہ شے گل نے کہا کہ گانے کے ریمیک کے حوالے سے مجھے مداحوں کے ذریعے معلوم ہوا، میں سمجھ سکتی ہوں کہ آپ پسوڑی کے اصل گانے کو بہت زیادہ پسند کرتے ہیں اور اس حوالے سے میں آپ کی محبت کی بہت زیادہ شکر گزار ہوں جو الفاظ میں بیان نہیں کرسکتی، لیکن اس دوران میں نہیں چاہتی کہ آپ کسی کے لیے نفرت کا اظہار کریں، آپ ریمیک کے بجائے یہ دیکھیں کہ گانے کو کس طرح پیش کیا گیا۔

شے گل نے مداحوں کو کہا کہ جسے ریمیک پسند نہیں آیا وہ اسے مت سنیں، انہوں نے کہا کہ نفرت کا اظہار کرنے کے بجائے اسے مت سنیں، گھر والوں کے ساتھ آپس میں گانے سے ناپسدیدگی کا اظہار کرنا پھر بھی ٹھیک ہے لیکن اگر آپ سوشل میڈیا پر سب کے سامنے کسی کی بے عزتی کررہے ہیں تو یہ اچھا نہیں ہے، میں آپ سب کے ساتھ بس یہی کہنا چاہتی تھی۔

تاہم پسوڑی گانے کے ریمیک پر ابھی تک گلوکار علی سیٹھی کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

Pasoori

Shae Gill