’بیٹے نے کہا شہید ہوا تو شیر کی ماں کی طرح لاش وصول کرنا‘
”عید الفطر ہو یا عیدالاضحیٰ“ ہر کوئی اپنوں میں منانے کی کوشش کرتا ہے، لیکن جن کے اپنے اس دنیا سے رخصت ہوگئے ہوں تو پھر ان کی یادیں آنسو بن کر ٹپکتی ہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں کہیں عید منائی جارہی ہے تو کہیں اس کی تیاریاں جاری ہیں، لیکن خوشی کے اس موقع پر وطن پر جان قربان کرنے والے شہداء کی یادیں انے گھر والوں کو غمگین کردیتی ہیں۔
شہید کیپٹن نوابزادہ جازب
”آج نیوز“ کے پروگرام ”فیصلہ آپ کا“ میں شہید کیپٹن نوابزادہ جازب کی والدہ نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے بیٹے کیپٹن جازب 20 فروری 2018 کو سوات میں ہونے والے خود کش دھماکے میں شہید ہوئے۔
جازب شہید کی والدہ کا کہنا تھا کہ میری صبح بھی جازب اور شام ختم بھی جازب کی یادوں سے ہوتی ہے، اس کا اماں اماں پکارنے کی آوازیں ابھی بھی کانوں میں گونجتی ہیں، ہماری عیدیں اور تمام خوشیاں اس کے ساتھ ختم ہوگئی ہیں۔
جازب شہید کی والدہ نے کہا کہ میں اپنے بچے سے عشق کرتی ہوں، میرے لیے وہ آج بھی زندہ ہے، میں مربھی گئی تو مردہ جسم سے بیٹے کے لیے آوازیں نکلیں گی، میں اپنے بیٹے کا پیار کبھی نہیں بھول سکتی، اسے معلوم تھا کہ میں اسے بہت پیار کرتی ہوں، اسی لئے جازب نے کہا تھا کہ اگر میں شہید ہوا تو ایک شیر کی ماں کی طرح میری لاش وصول کرنا ہے۔
9 مئی کے واقعات سے متعلق جازب شہید کی والدہ کہنا تھا کہ شہداء کی یادگاروں پر حملہ کرنے والوں کا دل ضرور لرزہ ہوگا، شہیدوں نے پاکستان کے لیے جان دی ہے، شہداء کی فیملیز کو سخت اذیت ہوئی ہے۔
کیپٹن شہید صبیح ابرار
کیپٹن شہید صبیح ابرار کی والدہ کا پروگرام ”فیصلہ آپ کا“ میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ صبیح ابرار وزیرستان میں آپریشن کے دوران شہید ہوئے، انہوں نے پہلے دہشت گرد کو مار دیا تھا، آج صبیح کی تیسری برسی ہے، اسے ہم سے جدا ہوئے 3 سال ہوگئے، صبیح شہید کہتے تھے ہم اکھٹے رہیں گے۔
والدہ کیپٹن شہید صبیح نے کہا کہ فوج کے بغیر یہ ملک کچھ نہیں، 9 مئی کے ملزمان کو کڑی سے کڑی سزائیں ملنی چاہئے، 9 مئی کے ملزمان کے پیچھے بیرونی طاقتیں ہیں۔
عبدالرحیم شہید
عبدالرحیم شہید کی والدہ کا پروگرام ”فیصلہ آپ کا“ میں بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میرا سب سے بڑا بیٹا عبدالرحیم تھا، میرے چھوٹے بیٹے نے بتایا کہ عبدالرحیم کوگولی لگی ہے، بیٹے نے کہا وہ ٹھیک ہوجائے گا، لیکن جب وہ شہید ہوا تو میری زندگی ختم ہوگئی تھی۔
عبدالرحیم شہید کی والدہ کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے نے اپنی جان پاکستان کے لیے دی، میں اپنے تمام بیٹوں کو پاکستان پرقربان کردوں گی۔
Comments are closed on this story.