باجوڑ اور تیرہ میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، دہشت گرد کمانڈر سمیت 4 ہلاک
عنایت قلعہ اور وادی تیرہ میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ کےعلاقے عنایت قلعہ میں آپریشن کیا، اس دوران سیکیورٹی فورسزاور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اور فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گردوں کے اہم کمانڈ سمیت 3 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دہشت گردوں کا کمانڈرشفیع بھی شامل ہے، تینوں دہشت گرد سیکیورٹی فورسزکے خلاف دہشتگردی کی کارروائیوں اور حملو سمیت معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے، دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولا بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ضلع خیبر کےعلاقے تیرہ میں بھی سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد مارا گیا جبکہ تین زخمی ہوگئے، مارے گئے دہشتگرد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے، جب کہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کو ختم کرنے کے لئے آپریشن بھی کیا گیا، علاقہ مکینوں نے آپریشن کو سراہا اوردہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے بھرپورتعاون کے عزم کا اظہارکیا۔
Comments are closed on this story.