Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
14 Jumada Al-Awwal 1446  

چاہت فتح سے’قمیض تیری کالی’ کا نیا ورژن نہ سُنا تو کیا سُنا

'ٹ' کو کس بناء پر نظرکرم سے محروم رکھا گیا یہ تو چاہت فتح ہی بتاسکتے ہیں
شائع 28 جون 2023 04:10pm
اسکرین گریبس: یوٹیوب/چاہت فتح علی خان آفیشل
اسکرین گریبس: یوٹیوب/چاہت فتح علی خان آفیشل

چاہت فتح علی خان کا نام اب واقعی کسی تعارف کا محتاج نہیں جو دوسروں کے گانوں پر اپنی بےسروپا طبع آزمائی کے لیے مشہورہیں۔

پی ایس ایل کے بعد موجودہ سیاسی حالات کے تناظر میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ’ملی نغمے‘ کے بعد دنیائے موسیقی کا یہ نیاں درخشاں ستارہ پاکستان کے معروف لوک گلوکار عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی کے مشہورومعروف گیت ’ قمیض تیری کالی’ کا نیا ورژن میدان میں لایا ہے ۔

دومنٹ 20 سیکنڈز کی اس ویڈیو کا آغاز ’تعلیم بالغان‘ منصوبے کے تحت سُننے والوں کو گردان کے ساتھ ا۔ ب ۔ پ ۔ ت ۔ ث سکھانے سے ہوتا ہے جس کے بعد وہ ایک بار ج۔ چ۔ ح ۔خ کو بھی میدان میں لاتے ہیں لیکن ’ٹ‘ کو کس بناء پر نظرکرم سے محروم رکھا گیا یہ تو چاہت فتح علی خان ہی بتاسکتے ہیں۔

اس کے بعد قمیض کے رنگ سے قدرے کنفیوژن کا شکار ہو کالی کے بعد اسے شاکنگ پنک ، نیلی پیلی اور ہری کرنے کے ساتھ ساتھ انہوں نے گانے کی شاعری کا بھی تسلی بخش ’تیا پانچہ ’ کیا ہے۔

منتظرہی رہیں کہ یہاں آپ کو عیسیٰ خیلوی صاحب والی چاشنی ملے گی، رنگوں کے بعد قمیض کی دریافت کے اسٹیشن بدل بدل کر اسے اسلام آباد، گوجرانوالہ کے بعد چنیوٹ تا پشاور یاترا کروائی گئی ہے۔

ساتھ ہی راگ کی کوئی نئی قسم بھی سنائی دیتی ہے جسے آپ خود ہی بوجھ لیں۔

صارفین نے اپنے تبصروں میں اس نئی ریلیز کو چاہت فتح علی خان کی جانب سے اصل گانے کی قربانی قراردیا ہے۔

ایک صارف نے لکھا، ’آپ کو دیکھنے سے پہلے میں موسیقی کی تباہ کاریوں سے بالکل بے خبر تھا لیکن آپ کے گانے سننے کے بعد مجھے احساس ہوا کہ آواز کا جادو کس طرح کانوں سے دھواں نکالتا ہے۔زندہ رہیں، مرشد، اور اسی طرح، موسیقی کی تباہ کاریوں کے بارے میں بیداری پیدا کرتے رہیں۔‘

Chahat Fateh Ali Khan

QAMEEZ TERI KALI

Attaullah Khan Esakhelvi