حکومت نے پاکستانی میوزک انڈسٹری کیلئے بڑی خوشخبری سنا دی
وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی پہلی میوزک پالیسی کا ڈرافٹ تیار کرلیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کے ایک بیان کے مطابق میوزک پالیسی کے ذریعے متعدد مراعات اور سہولیات سے میوزک انڈسٹری کو نئی زندگی ملے گی، پائریسی اور کاپی رائٹس سمیت میوزک انڈسٹری کو درپیش مسائل حل ہوں گے، موسیقی پاکستان کا بھرپور اور تاریخی ورثہ ہے جو صوفیا کرام کی شاعری، قدیم اور جدید موسیقی کا نادر مجموعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پبلک پرفارمنس، پروڈکشن، ڈسٹری بیوشن، ایڈیپٹیشن، ڈیوریشن، مکینیکل و کمیونیکیشن رائٹس کو قانونی ڈھانچے میں لایا جا رہا ہے، ان اقدامات میں یوزرز اینڈ لائنسز کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا جس سے میوزک انڈسٹری کو فروغ ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کاپی رائٹ کی اہمیت سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا تاکہ معیاری میوزک بنے اور عوام تک پہنچے، حقوق ملکیت دانش ، میوزک کی چوری سے پاکستان اور میوزک انڈسٹری دونوں کو نقصان ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاپی رائٹ سمیت میوزک سٹیک ہولڈرز کو درپیش مسائل حل ہوں گے ساتھ ہی میوزک کی تیاری، گانے والوں، لکھنے والوں اور دھن بنانے والوں کے قانونی حقوق کا تحفظ یقینی ہوگا جبکہ میوزک کی فروخت، اس کی چربہ سازی اور میوزک چرانے سے متعلق دیرینہ مسائل حل ہوں گے۔
انہوں کا مزید کہنا تھا کہ پرانے میوزک کو محفوظ کرنے کے لئے خصوصی اقدامات بھی پالیسی میں شامل ہیں۔
Comments are closed on this story.