Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کروڑوں روپے کی منظوری دے دی

ایوان صدر سیکرٹریٹ کے ملازمین کیلئے 6 کروڑ کی گرانٹ کی منظوری
اپ ڈیٹ 26 جون 2023 11:19pm
فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مردم شماری کے اخراجات کیلئے6 ارب اور ایوان صدر سیکرٹریٹ کے ملازمین کیلئے 6 کروڑ کی گرانٹ کی منظوری دے دی۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ایف سی ہیڈ کوارٹر جنوبی خیبر پختونخوا کیلئے 1 ارب روپے کی منظوری دی گئی، جب کہ ایف سی ہیڈ کوارٹر شمالی خیبرپختونخوا کیلئے 40 کروڑ کے فنڈز منظور کئے گئے۔

ای سی سی نے وزارت داخلہ کے لیے 7 ارب 84 کروڑ روپے سے زائد کی گرانٹ منظور کرلی، اور قومی سلامتی کونسل کے لیے ایک کروڑ 23 لاکھ کی گرانٹ منظور کی گئی ہے۔

اجلاس میں ایوی ایشن ڈویژن کے لیے 22 کروڑ 20 لاکھ کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کرلی گئی، وزارت پارلیمانی امور کے لیے چھ کروڑ 36 لاکھ روپے سے زائد اور مردم و خانہ شماری کے لیے چھ ارب روپے کی گرانٹ منظور کرلی گئی۔

اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ایوان صدر کے ملازمین کے اخراجات کے لیے 6 کروڑ روپے کی تکنیکی گرانٹ منظور کرلی، اسلام اباد ہائی کورٹ کے ججوں کے لیے رہائش کی تعمیر کی مد میں 6 کروڑ 95 لاکھ روپے اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کے لیے 2 کروڑ 25 لاکھ روپے سے زائد کی تکنیکی گرانٹ منظور کرلی۔

واضح رہے کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج طلب کیا گیا تھا، جس میں 5 نکاتی ایجنڈے پرغور کیا گیا۔

Economic Coordination Committee

Census 2023