Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کا اعلان، شرح سود میں مزید ایک فیصد اضافہ

بنیادی شرح سود بائیس فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
اپ ڈیٹ 26 جون 2023 06:24pm

اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں 1 فیصد اضافہ کردیا، جس کے بعد پاکستان میں بنیادی شرح سود 22 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

رواں ماہ میں دوسری بار اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس بلایا گیا، جس میں ملکی معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ ڈیڑھ ماہ کے لئے زری پالیسی کی منظوری دی گئی، اور اور پالیسی بیان جاری کیا گیا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق اجلاس میں شرح سود 100 بیسس پوائنٹس یعنی 1 فیصد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے بعد بنیادی شرح سود 22 فیصد ہوگئی ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق ملک میں مہنگائی کا منظرنامہ بگڑ گیا ہے، جس سے بیرونی کھاتے پر دباؤ مزید بڑھ سکتا ہے، بجٹ میں ٹیکسوں، ڈیوٹیوں اور پی ڈی ایل ریٹ میں کچھ اضافے کیے گئے ہیں۔

بیان کے مطابق مرکزی بینک نے درآمدات کی ترجیحات پر کمرشل بینکوں کے لیے اپنی رہنمائی واپس لے لی ہے، جس سے مہنگائی کے منظرنامے میں اضافے کے خطرات بڑھ گئے ہیں، اضافی ٹیکس اقدامات سے بلاواسطہ اور بالواسطہ دونوں طریقوں سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا جبکہ درآمدات پر پابندیوں میں نرمی سے زرمبادلہ مارکیٹ پر دباؤ پڑسکتا ہے۔

Interest Rate

State Bank Of pakistan