Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

تاحیات نا اہلی ختم کرنے کا قانون قومی اسمبلی سے بھی منظور، نواز شریف کی راہ ہموار

نوازشریف کی واپسی کے لئے قانونی ٹیم تشکیل
اپ ڈیٹ 25 جون 2023 06:55pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

قومی اسمبلی میں اتوار کو ترمیم شدہ فنانس بل کے ساتھ الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2023 بھی منظور کرلیا گیا۔ جس کے بعد نواز شریف اور جہانگیر ترین کی نااہلیت ختم ہونے کی راہ صاف ہوگئی ہے۔

یہ قانون سینیٹ سے پہلے ہی منظور ہوچکا ہے اور چونکہ صدر عارف علوی حج کی ادائیگی کے لیے جا چکے ہیں لہذا اس کے ایوان صدر میں رکنے کا بھی کوئی امکان نہیں۔ خیال ہے کہ قائم مقام صدر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اس پر فورا ہی دستخط کر دیں گے۔

نئے قانون کی ایک اور اہم بات یہ ہے کہ الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار صدر اور صوبائی گورنرز سے لے کر الیکشن کمیشن آف پاکستان کو دے دیا گیا ہے۔

الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2023 کے مطابق الیکشن کمیشن نئے شیڈول اور عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے گا۔

الیکشن ایکٹ کی شق نمبر 57 میں ترمیم کی گئی ہے۔

مجوزہ بل کے تحت جس جرم کی سزا کی مدت کا تعین نہیں وہاں نااہلی پانچ سال سے زیادہ نہیں ہوگی۔

عدالتی فیصلے، آرڈر یا حکم کے تحت سزا یافتہ شخص فیصلے کے دن سے پانچ سال تک کیلئے نااہل ہو سکے گا، کلاز ون ایف کے تحت پانچ سال سے زیادہ کی نااہلی کی سزا نہیں ہوگی۔

نواز شریف کو جولائی 2017 میں نااہل قرار دیا تھا اور پانچ سالہ مدت 2022 میں پوری ہوچکی ہے۔ قائم مقام صدر کے دستخط کرتے ہی وہ پارٹی عہدے اور الیکشن لڑنے کے اہل ہو جائیں گے۔

بل کے مطابق متعلقہ شخص پارلیمنٹ یا صوبائی اسمبلی کا رکن بننے کا اہل ہوگا۔

اہلیت اور نااہلی کا طریقہ کار، طریقہ اور مدت ایسی ہو جیسا آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 میں فراہم کیا گیا ہے اور جہاں آئین میں اس کے لیے کوئی طریقہ کار، طریقہ یا مدت فراہم نہیں کی گئی ہے، اس ایکٹ کی دفعات لاگو ہوں گی۔

مذکورہ بل کے مطابق سپریم کورٹ، ہائی کورٹ یا کسی بھی عدالتی فیصلے، ارڈر یا حکم کے تحت سزا یافتہ شخص فیصلے کے دن سے پانچ سال کے لیے نااہل ہو سکے گا۔

نوازشریف کی واپسی کے لئے قانونی ٹیم تشکیل

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی وطن واپسی کے لئے قانونی ٹیم تشکیل دے دی ہے، اور وزیر قانون سینیٹراعظم نذیر تارڑ قانونی ٹیم کی سربراہی کررہے ہیں، جب کہ اس کمیٹی میں معاون خصوصی عطاء اللہ تارڑ، عرفان قادر اور قانونی مشیر بھی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی میں نوازشریف کے کیسز کی پیروی کرنے والے امجد پرویز اور دیگر وکلا کو بھی شامل کیا گیا، یہ قانونی ٹیم سابق وزیراعظم کے عدالتوں میں جاری کیسز کی پیروی کو تیز بنائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی نااہلی اور کیسز کے خاتمے کے لئے کام کو تیز بنایا جائے گا، اور قانونی ٹیم نواز شریف کی واپسی میں قانونی رکاوٹوں کے خاتمے کے لئے کردار ادا کرے گی۔

Election Act Amendment Bill 2023