Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے رانا ثنا اللہ کی فیک ویڈیو چلائے جانے پر وزیر داخلہ کا ردعمل

کیا تحریک انصاف کا ہینڈل اس غلطی پر وضاحت کرے گا، سوشل میڈیا صارفین کا سوال
شائع 25 جون 2023 10:02am
فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اپنی جعلی ویڈیو چلائے جانے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اگر شارٹ ویڈیو کلپ پر (جوکہ پراپیگینڈے کے لیے آفیشل اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی ہے) ایکشن ہو تو پھر یہ کہیں گے ہیومن رائٹس (انسانی حقوق) کی خلاف ورزی ہو گئی ہے‘۔

گزشتہ روز پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک چھوٹی سی ویڈیو کلپ جاری کی گئی جس میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کہہ رہے تھے کہ ’ہزار بندوں کو اگر ایک دفعہ پھانسی دیدی جائے یا گولی ماردی جائے تو پورا ملک بالکل ٹھیک ہوجائے گا‘۔

پی ٹی آئی کی جانب سے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا گیا کہ ’وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ ہزاروں پاکستانیوں کو ایک ساتھ گولی مارنے یا پھانسی چڑھانے کے حق میں ہیں‘۔

اس ادھورے ویڈیو کلپ کو پی ٹی آئی کے ہزاروں کارکنان اور حامیوں نے شئیر کیا، ساتھ ہی عالمی اداروں اور بین الاقوامی خبر رساں اداروں کو ٹیگ بھی کیا۔

لیکن جب بعد میں عوام نے اس ویڈیو کی حقیقت بیان کی تو اسے خاموشی سے ڈیلیٹ کردیا گیا۔

دراصل رانا ثناء اللہ نے یہ گفتگو 17 جون کو فیصل آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کی تھی۔

وزیر داخلہ نے کہا تھا، 9 مئی کو حکومت گرانے کیلئے ’باقاعدہ منصوبہ بندی کی گئی، باقاعدہ لوگوں کو ٹرین کیا گیا، اور مقصد یہ تھا کہ جب یہ چند سو لوگ پورے ملک میں جاکر فوج پر حملہ آور ہوجائیں گے ان پر چڑھ دوڑیں گے تو اس کے بعد پیچھے ہزاروں لاکھوں عوام کی سپورٹ پہنچ جائے گی اور اس طرح سے ریاست گر جائے گی، اور ہم اس طرح سے قابض ہوجائیں گے۔ قابض ہونے کے بعد کرنا کیا تھا؟ وہی جو بطور وزیراعظم (عمران خان) کہتے رہے ہیں کہ جی میرے پاس اگر اختیار ہوتو میں کم از کم 500 بندوں کو پھانسی دے دوں، پانچ ہزار بندوں کو اگر ایک ہی دفعہ پھانسی دیدی جائے یا گولی ماردی جائے تو پورا ملک بالکل ٹھیک ہوجائے گا ہر چیز جو ہے وہ بہتر ہوجائے گی۔ سعودی عرب کا قانون بہت اچھا ہے، چائنہ میں بھی قانون بہت اچھا ہے ، وہ بھی فوری ٹرائل کرکے بندے کو فوری پھانسی پر چڑھا دیتے ہیں، (عمران خان کا) یہ ارادہ تھا کہ بعد میں ہم یہ کریں گے‘۔

ایک سوشل میڈیا صارف نے رانا ثناء اللہ کی اس گفتگو کا پورا ویڈیو کلپ بھی شئیر کیا۔

سوشل میڈیا صارفین نے پی ٹی آئی کی جانب سے اس ویڈیو کے ڈیلیٹ کئے جانے پر سوال اٹھایا کہ ’کیا تحریک انصاف کا ہینڈل اس غلطی پر وضاحت کرے گا تاکہ جن لوگوں کے ذہن خراب کئے گئے ان کو سچ پتہ چلے؟ یا یہ لوگ باریک وارداتیں ڈال کر عوام کے ذہن میں پاکستان کے خلاف نفرت پیدا کرتے رہیں گے؟‘

Rana Sanaullah

fake Video

PTI Propaganda