Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستانی سیاست کا بیرون ملک مرکز تبدیل، سیاسی قیادت کی دبئی روانگی

دبئی میں سیاسی جماعتوں کی قیادت میں اہم مشاورت کا امکان
شائع 25 جون 2023 08:33am
علامتی تصویر
علامتی تصویر

لندن کے بعد اب دبئی پاکستانی سیاست کا نیا مرکز بن گیا ہے، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ دبئی پہنچ گئے ہیں، پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نواز بھی لاہور سے دبئی پہنچ چکی ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے ٹویٹ میں مریم نواز کی دبئی روانگی سے آگاہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نجی دورے پہ دبئی روانہ ہوگئی ہیں۔ پارٹی قائد جناب محمد نواز شریف پہلے ہی دبئی پہنچ چکے ہیں۔ فیملی کے دیگر ارکان بھی ان کے ہمراہ ہیں‘۔

آئندہ چند روز میں سابق صدر آصف زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بھی دبئی روانگی متوقع ہے۔

دبئی میں دونوں سیاسی جماعتوں کی قیادت میں ملاقات کا امکان ہے جہاں نگراں سیٹ اپ، عام انتخابات اور عدالتی امور پر مشاورت کی جائیگی۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے 23 جون کو لاہور میں بزنس کمیونٹی سے خطاب میں کہا تھا کہ اسلام آباد میں بیٹھے بیوروکریٹ کا ملک کے بارے میں ایک جامع نظریہ نہیں ہے کہ اس کے مسائل سے کیسے نمٹا جائے۔

انہوں نے کہا تھا کہ انتخابات دن بہ دن قریب آرہے ہیں اور پیپلز پارٹی اجتماعی چارٹر آف اکانومی پر دستخط کرنے کو تیار ہے۔ باقی جماعتیں بھی اس کی پیروی کریں گی۔ ہمیں تمام سیاسی قوتوں کی حمایت یافتہ اقتصادی چارٹر کی ضرورت ہے اور ہمیں انہیں اس معاہدے میں داخل ہونے پر قائل کرنا ہوگا۔

آصف زرداری نے کہا کہ کرکٹر کے ساتھ بھی وہ چارٹر آف اکانومی پر دستخط کرنے کو تیار تھے لیکن اس آدمی کو یہ نہیں معلوم تھا کہ تجارت اور زراعت کا کیا مطلب ہے۔

Nawaz Sharif

Asif Ali Zardari

Maryam Nawaz

Marriyum Aurangzeb