Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعظم کے مشیر امیر مقام پر قاتلانہ حملہ، پولیس کی تردید

امیر مقام پر 2014 میں بھی اسی مقام پر خودکش حملہ ہوا تھا
اپ ڈیٹ 24 جون 2023 11:53pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ فائل

وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما انجینئر امیر مقام پر شانگلہ میں مشکوک افراد نے حملہ کیا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام پر حملے کی ناکام کوشش کی گئی، مشکوک افراد کی جانب سے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی پی او شانگلہ سمیت سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، مشکوک افراد کے خلاف علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام پر 2014 میں بھی اسی مقام پر خودکش حملہ ہوا تھا، جس میں 8 افراد شہید ہوئے تھے۔

امیر مقام اور پولیس کے بیان میں تضاد

شانگلہ میں ہونے والے قاتلانہ حملے کے بعد مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر امیر مقام اور پولیس کے بیان میں تضاد سامنے آیا ہے۔

وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے دہشت گرد حملے میں محفوظ رہا، اللہ تعالیٰ نے آج ایک بار پھر ایک نئی زندگی دی ہے، دہشت گرد پاکستان کے دشمن ہیں۔

امیر مقام نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے سے ہی پاکستان کو ترقی اور استحکام ملے گا،دہشت گرد بزدل ہیں جو چھپ کر وار کرتے ہیں، دہشت گرد بزدلانہ حملوں سے مجھے عوام کی خدمت سے نہیں روک سکتے، پولیس کی بہادری کو بھی سلام پیش کرتا ہوں۔

پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ امیر مقام پر کوئی حملہ نہیں ہوا، امیر مقام نادرا دفتر کا افتتاح کرنے آئے تھے واپس اسلام آباد چلے گئے، اطلاع ملی تھی کہ چند مشکوک مسلح افراد علاقے میں موجود ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی پی او کی نگرانی میں علاقے میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن جاری ہے۔

وزیراعظم کی امیر مقام پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت

وزیراعظم شہباز شریف نے امیر مقام پر شانگلہ میں دہشت گردوں کے قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیراعظم نے امیرمقام کی خیریت دریافت کی اور یکجہتی کا اظہار کیا، شہباز شریف نے جانی نقصان نہ ہونے پر بھی اظہار تشکر کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام کو قاتلانہ حملے میں محفوظ رکھا، پاکستان کے چپے چپے کی حفاظت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اس ملک خداداد کے تحفظ اور روشن مستقبل کے لیے ہماری سیاسی قیادت، عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت سیکیورٹی فورسز نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ حکومت اور عوام دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔

مریم نواز کا امیر مقام کو ٹیلیفون، دہشت گرد حملے کی شدید مذمت

ادھر مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے بھی وزیراعظم کے مشیر اور پارٹی کے خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام کو ٹیلی فون کیا اور خیریت دریافت کی۔

مریم نواز نے امیر مقام پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے آپ اور دیگر لوگ محفوظ رہے۔

مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر نے امیر مقام سے واقعے کی تمام تفصیلات دریافت کیں۔

مریم نواز نے امیر مقام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ بہادر شخص ہیں، آپ نے دہشت گرد حملوں کے خطرات کے باوجود عوام کی خدمت کا مشن جاری رکھا، امیر مقام اور ان کے ساتھیوں کی بہادری اور عوام کی خدمت کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کا خاتمہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے ناگزیر تقاضا ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے جہاد میں پوری قوم اپنی مسلح افواج، رینجرز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بہ شانہ ہے، قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کو 2018 کی طرح ایک بار پھر دہشت گردی کی لعنت سے نجات دلائیں گے۔

PMLN

Maryam Nawaz

KPK

attack

Shangla

PM Shehbaz Sharif

Ameer Maqam