Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

عدالت سے ضمانت ملنے کے باوجود پرویز الہٰی کو کیمپ جیل سے رہائی نہ ملی

عدالت سے روبکار موصول نہ ہونے کی وجہ سے رہائی نہیں ہوگی، جیل ذرائع
اپ ڈیٹ 24 جون 2023 08:41pm
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی

کیمپ جیل لاہور کو پی ٹی آئی کے مرکزی صدر پرویز الہی کی رہائی کے لیے روبکار موصول نہ ہونے پر ان کی رہائی ممکن نہ ہو سکی۔ اسپشل سینٹرل کورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی منی لانڈرنگ کے مقدمے میں درخواست ضمانت منظور کی تھی۔

اسپیشل سنٹرل کورٹ سے ضمانت ملنے کے باوجود سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو کیمپ جیل سے رہائی نہ ملی۔

جیل ذرائع کے مطابق عدالت سے روبکار موصول نہ ہونے کی وجہ سے آج رہائی نہیں ہو گی، روبکار آنے پر ہی چوہدری پرویز الہٰی کو کیمپ جیل سے رہا کیا جائے گا۔

پرویز الہٰی کی ممکنہ رہائی کی صورت میں ان کو دوبارہ گرفتار کرنے کے لیے کیمپ جیل پہنچنے والی پولیس کی نفری بھی واپس روانہ ہو گئی۔

آج صبح اسپیشل سینٹرل کورٹ لاہور کے جج فخر بہزاد نے ایف آئی اے میں پرویز الہیٰ کے خلاف درج مقدمے میں درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے 10 لاکھ روپے کے مچلکے کے عوض ان کی رہائی کا حکم دیا تھا۔

چوہدری پرویزالہٰی کی رہائی کے لیے عدالت سے روبکار بھی جاری ہوئی لیکن وہ کیمپ جیل انتظامیہ کو موصول نہیں ہوئی۔

پرویز الہٰی کی ایک بار پھر گرفتاری کا امکان، بکتر بند گاڑی پہنچادی گئی

ایف آئی اے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی ضمانت پر رہائی کے بعد ایک بار پھر ان کی گرفتاری کا امکان ہے۔

ایس پی سول لائنز اور پولیس کی بھاری نفری کیمپ جیل پہنچ گئی۔ پولیس کی بکتر بند گاڑی بھی کیمپ جیل پہنچا دی گئی۔

مزید پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس میں پرویز الہٰی کی ضمانت منظور

پولیس ذرائع کے مطابق پرویز الہٰی کے خلاف غالب مارکیٹ، ریس کورس اور دیگر تھانوں میں مقدمات درج ہیں تاہم گرفتاری کس مقدمے میں کی جائے گی یہ بتانا قبل از وقت ہوگا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اعلیٰ حکام کی ہدایات پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

ایلیٹ فورس اور پولیس کی مزید نفری کیمپ جیل پہنچنا شروع ہوگئی۔ ایس پی سول لائنز سٹی حمزہ امان جیل کے اندر چلے گئے۔

مزید پڑھیں: بھرتیوں کے اسکینڈل میں ضمانت کے بعد پرویز الہیٰ پر ایک اور مقدمہ درج

یاد رہے کہ 20 جون 2023 کو لاہور کی مقامی عدالت نے پنجاب اسمبلی میں بھرتیوں میں بد عنوانی کے کیس میں پی ٹی آئی صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کی تھی، جس کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے چوہدری پرویز الہٰی اور ان کے صاحبزادے مونس الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا تھا۔

pti

FIA

lahore

Chaudhry Pervaiz Elahi

Punjab police

money laundring case