Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

راتوں رات امیر ہونے کی خواہش، بھارت میں ڈاکو حسینہ پکڑی گئی

ساڑھے 8 کروڑ روپے کی لوٹ مار کرنے والے گرفتار ملزمان سے 7 کروڑ سے زائد رقم برآمد
شائع 24 جون 2023 01:37pm
فوٹو ــ انڈین ٹوڈے
فوٹو ــ انڈین ٹوڈے

بھارتی شہر لدھیانہ میں پولیس نے کروڑوں روپے کی ڈکیتی کی واردات کی ماسٹر مائنڈ خاتون کو شوہر سمیت گرفتار کیا ہے جسے ’ڈاکو حسینہ‘ کہا جاتا ہے اور وہ راتوں رات امیر ہونا چاہتی تھی۔

ڈکیتی کی اس واردات میں مرکزی ملزم سمیت بیشتر ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے جن کے پاس سے تقریباً 7.14 کروڑ روپے برآمد ہوئے ہیں۔

مندیپ کور عرف مونا نے جس طرح اس واقعہ کو انجام دیا اس نے سب کو ہی حیران کر دیا ہے۔ شوہر جسوندر سنگھ کہتے ہیں کہ ان کی اہلیہ وکیل ہے۔

واضح رہے کہ 10 جون کو لدھیانہ کے نیو راج گرو نگر میں کیش ڈیلیوری کمپنی کے دفتر سے کروڑوں روپے کی ڈکیتی ہوئی تھی۔ لدھیانہ پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ مندیپ کورعرف مونا، شہر کے سی ایم ایس کمپنی کے دفتر میں ہونے والی اس واردات کی ماسٹر مائنڈ تھیں جس میں تقریباً 8.5 کروڑ روپے چرائے گئے۔

گرفتاری

لدھیانہ پولیس نے ڈکیتی کی اس واردات کو 60 گھنٹے میں حل کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ پولیس کے مطابق مندیپ نے مبینہ طور پر اسی کمپنی کے ملازم منجندر سنگھ کے ساتھ مل کر ڈکیتی کی منصوبہ بندی کی تھی۔

پولیس نے مندیپ کور کی گرفتاری کے لیے خصوصی آپریشن کا آغاز کیا تھا۔ سی ایم ایس کمپنی کے دفتر میں ڈکیتی کی اہم ملزمہ مندیپ کور اور ان کے شوہر کو پولیس نے چھ دن بعد ہی گرفتار کر لیا۔

پولیس کمشنر مندیپ سنگھ سدھو کے مطابق واردات سے پہلے مندیپ کور اور دیگر ملزمان نے طے کیا تھا کہ اگر ان کی یہ واردات کامیاب ہوئی تو وہ ماتھا ٹیکنے کے لیے سری ہیم کنٹ صاحب، کیدارناتھ اور ہریدوار جائیں گے۔

مندیپ کور اور ان کے شوہر جسوندر سنگھ اترکھنڈ کو سری ہیم کنٹ صاحب سے واپسی پر گرفتار کیا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتاری کے وقت مندیپ کور کی موٹرسائکیل سے 12 لاکھ روپے اور ان کے شوہر کے قبضے سے نو لاکھ روپے برآمد ہوئے۔

ڈکیتی کی منصوبہ بندی

لدھیانہ کورٹ کمپلیکس میں مندیپ کور کی پہلی بار ملاقات منجندر سنگھ سے ملاقات ہوئی۔ معلومات کے مطابق منجندر سنگھ مقامی سی ایم ایس کمپنی کے ملازم تھے اور لدھیانہ کورٹ کمپلیکس میں اے ٹی ایم میں رقم جمع کرانے جایا کرتے تھے۔

پولیس کمشنر مندیپ سنگھ سدھو نے بتایا کہ منجندر سنگھ اور مندیپ کور کی گہری دوستی ہوئی۔ ’دونوں راتوں رات امیر بننا چاہتے تھے اور پھر انھوں نے سی ایم ایس کمپنی میں ڈکیتی کی واردات کا منصوبہ بنایا۔‘

مندیپ کور اور ان کے شوہر جسوندر سنگھ کے قریبی افراد بھی اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ وہ دونوں ’شارٹ کٹ‘ راستے سے راتوں رات امیر بننا چاہتے تھے۔

Indian police

Indian Dacoits