معروف پلاسٹک سرجن نے نیمل خاورکی سرجری میں خامیوں کی نشاندہی کردی
شوبزکو خیرباد کہنے والی ماڈل اور اداکارہ نیمل خاور کو حال ہی میں ان کی ظاہری شکل میں کچھ تبدیلیوں کے باعث تنقید کا نشانہ بنایا گیا، صارفین نے کاسمیٹک سرجری کروانے پر نیمل کو ٹرول کیا ۔
ڈرامہ سیریل ’انا‘ اور ’ورنہ‘ سے شہرت پانے والی نیمل ان دنوں فیشن شوٹس میں مصروف ہیں، حال ہی میں معروف فیشن ڈیزائنر عاصم جوفا کی نئی کلیکشن کی تشہیری مہم میں نیمل کو خاصا پسند بھی کیا گیا تاہم جو چیز صارفین کو چونکانے کا باعث بنی وہ ان کے ظاہری خدو خال میں نظرآنے والی نمایاں تبدیلی تھی۔
نیمل کی جانب سے اس معاملے پر کُھل کرکچھ نہیں کہا گیا تاہم ان کی بہن فضا خاور نے بہن کے حق میں آواز اٹھائی، نیمل کے شوہر اداکارحمزہ علی عباسی کی بڑی بہن ڈاکٹر فضیلہ عباسی نے بھی بھابھی کی حمایت کرتے ہوئے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں واضح کیا کہ یہ سرجری ان کے کلینک میں نہیں کی گئی۔
معروف پلاسٹک سرجن ڈاکٹر ضیاء الاسلام سے بھی نیمل کی سرجری کے بارے میں پوچھا گیا، جنہوں نے حالیہ جدید طریقوں کے بارے میں اپنا علم شیئرکرتے ہوئے اداکارہ کی سرجری میں خامیوں کی بھی نشاندہی کی۔
ڈاکٹر ضیاء الاسلام کا کہنا تھا کہ ، ’میں عام طور پر جمالیات کے طریقہ کار یا سرجری پر اپنے خیالات نہیں دیتا لیکن مجھے نیمل خاور کے بارے میں بات کرنی پڑی ہے کیونکہ بہت سے لوگوں نے اس حوالے سے پوچھا ہے۔‘
ڈاکٹر ضیاء الاسلام نے بتایا کہ ایسا لگتا ہے نیمل خاور خان کی رائنوپلاسٹی بالکل صحیح وجوہات کی بناء پر کی گئی ہے کیونکہ ان کی ناک کی نوک قدرے جھکی ہوئی ہونے کے باعث اوپری ہونٹ کو ڈھک رہی تھی۔ انہوں نے رائنو پلاسٹی کی تعریف کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ اس کے باجود نیمل خان اپنی اصل عُمر سے بڑی کیوں لگ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کاسمیٹک پروسیجر کے بعد نیمل کے گال اب زیادہ بھرے بھرے ہوگئے ہیں جس سے وہ اپنی عمرسے بڑی نظرآرہی ہیں۔ وہ پہلے کم عمرلگتی تھیں لیکن رائنو پلاسٹی کے بعد اپنی اصل عمرسے بڑی نظرآرہی ہیں۔ اس کی وجہ چیک فلرز کی زیادتی ہوسکتی ہے مستقبل میں ان کے تحلیل ہونے سے ہوسکتا ہے کہ نیمل کے گالوں پر چند لائنیں نظرآئیں۔
ڈاکٹر ضیاء الاسلام نے بھی اس عوامی رائے سے اتفاق کیا کہ نیمل خاور کی ’نیچل لُک‘ زیادہ خوبصورت تھی۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس ویڈیو پر اپنی رائے کا اظہارکیا، بیشتر کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرصاحب بھی خوبصورتی میں اضافے کے مصنوعی طریقوں کی ترویج کررہے ہیں۔
Comments are closed on this story.