Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

کسی کو دھوکا نہیں دیا مسلم لیگ ن کو بھی نہیں دوں گا، آصف زرداری

سب کے ساتھ میثاق معیشت پر دستخط کرنے کے لیے تیار ہوں
اپ ڈیٹ 23 جون 2023 07:20pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔اسکرین گریب

پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ چارٹر آف اکنامی پر دستخط کرنے کے لیے تیار ہوں، کسی کو دھوکا نہیں دیا مسلم لیگ ن کو بھی دھوکا نہیں دوں گا۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے کراچی سے لاہور پہنچنے کے فوری بعد ہی اپٹما ہاؤس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صنعتکاروں سے ملاقات کی اور صنعتکاروں نے انہیں انڈسٹری کے حالات پربریفنگ دی۔

تاجروں کا کہنا تھا کہ ملک میں لگا پلانٹ اور مشینری بند پڑی ہے، اگر یہ پلانٹ چل جائیں تو 25 ارب ڈالرز کی ایکسپورٹ کرسکتےہیں، 15 سال سےخواہش تھی کہ آصف زرداری اپٹما آئیں۔

پیٹرن ان چیف اپٹما گوہراعجاز کا کہنا تھا کہ گنا جاتا ہے کہ ٹیکسٹائل پاکستان کی سب سےبڑی ایکسپورٹنگ صنعت ہے، 14 سال پہلے ایکسپورٹ کی 9 اعشاریہ 2 ارب کی ایکسپورٹ تھی، ہم ملک کو 100 ارب ڈالرز کی ایکسپورٹ پر لے جانا چاہتے ہیں، آصف زرداری ہماری مدد کریں۔

آصف زرداری کی تاجر رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس

تاجر رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ میں اب بھی اس بات پریقین رکھتا ہوں کہ پاکستان ایک منفرد ملک ہے، پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، اس ملک کے پاس سونے کی ٹوکری ہے، اس کی ترقی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا چاہئے، پاکستان کو کچھ ہوتا ہے تو مجھے کچھ ہوتا ہے۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی سیاسی طور پر اسپورٹ کریں لیکن ان سے بات کریں، ان سے طے کرلیں کہ چارٹر آف اکنامی ہونا چاہئے، میں نے کسی کو دھوکا نہیں دیا مسلم لیگ ن کو بھی دھوکا نہیں دوں گا، سابق کرکٹر کو میثاق معیشت کا کہا تھا وہ نہیں مانا، میں اب بھی سب کے ساتھ میثاق معیشت پر دستخط کرنے کے لیے تیار ہوں، میثاق معیشت وقت کی ضرورت ہے، تاجر چارٹر آف اکنامی کا مطالبہ کریں۔

سابق صدر نے کہا کہ جھل مگسی کا علاقہ سندھ کے قریب ہے، میں اس علاقے میں کپاس لگوانا چاہتا ہوں، بلوچستان میں لگی کپاس اتنی سفید ہوتی ہے جیسی مصر کی کپاس ہوتی ہے، کاروباری افراد رونا دھونا چھوڑ کر کاروبار کریں، خود بھی منافع کمائیں اور ملک کو بھی آگے لے جائیں۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کی ایکسپورٹ کا جائزہ لے چکا ہوں، عدم تحفظ کی وجہ سے پاکستانی بیرون ملک سرمایہ کاری کررہے ہیں، پاکستان میں دو قسم کے لوگ ہیں، ایک پیسے بناتے ہیں دوسرے پیسے کماتے ہیں، عادم آدمی کےمسائل حل ہوں گے تو وہ ٹیکس دینے کے قابل ہوگا، صرف چند سیاسی خاندانوں کے امیر ہونے سے کچھ نہیں ہوگا۔

سابق صدر کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں امداد نہیں تجارت کے مواقع دیکھنے ہوں گے، ہم دنیا سے ایڈ نہیں ٹریڈ مانگتے ہیں، ہمیں معلوم ہے کہ پاکستان میں سو ارب ڈالر ایکسپورٹ کا پوٹنشل موجود ہے، پاکستان کی برآمدات کو 100ارب ڈالر تک لے کر جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی ختم ہونے کے بعد اب ایران سے گیس درآمد کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں رہی، پاکستان ایران پائپ گیس لائن جلد شروع ہوگا، اس منصوبے میں کوئی تاخیر نظرنہیں آرہی ہے۔

Asif Ali Zardari

Zardari