Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

جیل میں سیاسی قیدیوں کی بجائے جنگی قیدیوں والا سلوک روا رکھا گیا، مسرت جمشید چیمہ

پیغام یہ ہےکہ سیاست بھی چھوڑدیں توبھی مال غنیمت والاسلوک جاری رہےگا، سابق رہنما پی ٹی آئی
اپ ڈیٹ 23 جون 2023 08:20pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

9 مئی کے واقعات کے بعد تحریک انصاف کو خیرباد کہنے والی رہنما مسرت جمشید چیمہ کا کہنا ہے کہ جیل میں ہمارے ساتھ جنگی قیدیوں والا سلوک کیا گیا، اور اب پیغام یہ ہے کہ سیاست بھی چھوڑ دیں تب بھی آپ کے ساتھ مال غنیمت والا سلوک جاری رہے گا۔

حال ہی میں تحریک انصاف چھوڑنے اور سیاست سے کنارہ کشی کرنے والی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ پہلے ہمارے ساتھ جیل میں سیاسی قیدیوں کی بجائے جنگی قیدیوں والا سلوک روا رکھا گیا، اور آج جمشید اقبال چیمہ کو پھر گرفتار کر لیا گیا ہے۔

مسرت جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ یہ دراصل پریس کانفرنس کرنے والوں کو پیغام ہے کہ آپ سیاست بھی چھوڑ دیں تو بھی آپ کے ساتھ مال غنیمت والا سلوک جاری رہے گا۔

سابق پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ہمارا حق ہے کہ ہم سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لیں اور ہمیں اس سے بھی محروم رکھا جارہا ہے۔

جمشید اقبال چیمہ ایک بار پھر گرفتار

دوسری جانب 9 مئی کے مقدمات میں مطلوب جمشید چیمہ کو لاہور پولیس نے گرفتار کرلیا ہے، گرفتاری انسداد دہشتگردی کی عدالت سے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد عمل میں لائی گئی۔

پولیس کے مطابق جمشید اقبال چیمہ کے خلاف گلبرگ، ماڈل ٹاؤن اور تھانہ شادمان میں 3 مقدمات درج ہیں، اور انہیں زیرِ تفتیش مقدمات میں پیش نہ ہونے پر گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ جمشید چیمہ نے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے سربراہ کے روبرو پیش ہوکر بیان بھی ریکارڈ کروایا تھا، ٹھوس شواہد کی موجودگی پر جمیشد چیمہ کی دوبارہ گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے، ملزم سے نو مئی کی پرتشدد کارروائیوں کے حوالے سے تفتیش کی جائے گی۔

ایف آئی اے لاہور نے جمشید چیمہ کو طلب کرلیا

ادھر ایف آئی اے لاہور نے پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما جمشید چیمہ کو طلب کرلیا، جمشید چیمہ کو سوشل میڈیا پر قومی اداروں کے خلاف بیانات دینے پر طلب کیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر قومی اداروں کے خلاف بیانات کے معاملے پر ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے پی ٹی آئی کے سابق رہنما جمشید چیمہ کو تحقیقات کے لیے طلب کرلیا۔

ایف آئی اے کے مطابق جمشید چیمہ کو 26 جون 11 بجے گلبرگ دفتر میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جمشید چیمہ ایف آئی اے افس میں پیش ہوکر الزامات پر منطقی جواب جمع کروائیں، غیر حاضری کی صورت میں یکطرفہ کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔

pti

Musarrat Jamshed Cheema

PTI Leaders Left Party