Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کیلئے ہمارے دل میں کوئی نرمی نہیں، بلاول بھٹو

ملک دشمنوں سے کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی، وزیر خارجہ
شائع 23 جون 2023 04:38pm
وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا قومی اسمبلی میں خطاب
وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا قومی اسمبلی میں خطاب

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سابقہ حکومت نے پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا، جمہوری نظام کو بند گلی میں نہ دھکیلا جائے، 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے لیے ہمارے دل میں کوئی نرمی نہیں، ملک دشمنوں سے کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی، پاک امریکا اعلامیے پر دفترخارجہ واضح جواب جاری کرے گا۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ میری والدہ نے مجھے بڑوں کا احترام سکھایا ہے، مسائل کے حل کے لیے صحیح نشاندہی ضروری ہے، ہمارے معاشرے میں نوجوانوں کے لیے بات کرنا مشکل ہوتا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ میثاق جمہوریت میں اسحاق ڈار کا اہم کردار رہا، میثاق جمہوریت سے ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام آیا، شہباز شریف پیپلزپارٹی کے بھی وزیراعظم ہیں، شہبازشریف نیک نیتی اور محنت سے کام کرتے ہیں، ملک کو مسائل سے نکالنے کے لیے دن رات محنت کرنی ہوگی، ہمیں وزیراعظم کے ہاتھ مضبوط کرنے ہوں گے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کے لیے بجٹ میں فنڈز مختص کرنا خوش آئند ہے، سیلاب سے سندھ میں تاریخی نقصانات ہوئے، آصف زرداری کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ یاروں کے یار ہیں، باقی سب کے لیے ڈار صاحب ہیں، میرے لیے ڈار انکل ہیں، ڈار صاحب کو بچپن سے جانتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سابقہ حکومت نے پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا، ہمیں اقوام عالم کے اعتماد کو بحال کرنا ہوگا، جھوٹ پر مبنی مقبول سیاست سے ملک کو نقصان پہنچتا ہے، امریکا میں لیڈر نے ریڈ لائن کراس کی تو ان کے خلاف ایکشن ہوا، امریکا میں ریاستی رٹ کو بحال کرکے دکھایا گیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سابق امریکی صدر کے ٹوئٹر اور فیس بک اکاؤنٹس بند کردیے گئے، ہمارے ملک میں ریاست کے خلاف سازش ہوئی، ہم تو امریکا سے زیادہ جمہوری لوگ ہیں، ہم نے ٹوئٹر اور فیس بک اکاؤنٹس بند نہیں کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ملک میں جلاؤ گھراؤ اور افراتفری چاہتے تھے، ان کے 2 سابق وزیرخزانہ نے آئی ایم ایف ڈیل کے خلاف سازش کی، جناح ہاؤس لاہور، جی ایچ کیو اور عسکری تنصیبات پر حملے ہوئے، یہ جمہوریت اور انسانی حقوق پر یقین نہیں رکھتے تھے، اب یہ جمہوریت اور انسانی حقوق کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ملک دشمنوں سے کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی، 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے لیے ہمارے دل میں کوئی نرمی نہیں، ان کا قائد آج بھی اپنی ضد پر اڑے ہوئے ہیں، سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں، سیاسی استحکام کا واقعہ راستہ میثاق جمہوریت پر عملدرآمد ہے، سیاسی اور معاشی استحکام کے لیے روڈ میپ بنانا ہوگا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ امریکا اور بھارت کا مشترکہ بیان سامنے آیا ہے، دفتر خارجہ اس بیان پر واضح جواب جاری کرے گا، الیکشن کا روڈ میپ قوم کے سامنے لانا ضروری ہے، جمہوری نظام کو بند گلی میں نہ دھکیلا جائے۔

foreign minister

اسلام آباد

National Assembly

Bilawal Bhutto Zardari