Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

یونان کشتی حادثہ، لیبیا میں بیٹھ کر پاکستان میں نیٹ ورک چلانے کا انکشاف

یونان کشتی حادثے میں ملوث آصف سنار اور فیصل سنار لیبیا سے پاکستان میں نیٹ ورک چلا رہے ہیں، ذرائع
شائع 23 جون 2023 03:40pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

شہریوں کو اٹلی بھجوانے میں سرگرم ایجنٹوں کی گرفتاری ایف آئی اے کے لئے چیلنج بن گئی، یونان کشتی حادثہ میں ملوث آصف سنار اور فیصل سنار لیبیا میں بیٹھ کر پاکستان میں نیٹ ورک چلا رہے ہیں۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق لیبیا میں بیٹھ کر پاکستان میں نیٹ ورک چلانے والوں کے ساتھیوں میں سلیم بھی شامل ہے جو گجرات میں رہ کر ان کی معاونت کرتا ہے جبکہ سیٹھ مقصود اس نیٹ ورک کے لئے لوگوں سے پیسے وصول کر کے باہر بھجواتا ہے۔

جلال پور جٹاں میں قیصر نامی ایجنٹ نوجوانوں کو لیبیا بھجوانے میں سرگرم ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بلال اور افضل دونوں بھائی بھی لوگوں کو لیبیا سے اٹلی بھجوانے کا دھندہ کر رہے ہیں۔ عبداللہ اور اس کا بیٹا منور بھی اس نیٹ ورک کا اہم حصہ ہے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ بیرون ملک موجود ایجنٹوں کی گرفتاری کے لئے سرگرم ہیں۔

دوسری جانب ایف آئی اے کمپوزیٹ سرکل فیصل آباد نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث بدنام زمانہ گینگ کو گرفتارکرلیا ۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان یورپی ممالک میں ورک ویزے کے نام پر بھاری رقوم وصول کرتے تھے۔

ملزمان کے قبضے سے متعدد پاکستانی پاسپورٹس، 10 جعلی ویزے بھی برآمد کر لیے گئے۔ گرفتار ملزمان میں صغیر عباس اور وقاص مسیح شامل ہیں۔ ملزمان کرنسی کی غیر قانونی اسمگلنگ اور ہنڈی حوالہ میں بھی ملوث تھے۔ ایف آئی اے نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

FIA

Human Smuggling

Greece Boat Disaster