Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

بھارت میں پسوڑی کا ری میک، پاکستانی مداح سخت ناراض

فلم ستیہ پریم کی کتھا 29 جون 2023 کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی
اپ ڈیٹ 23 جون 2023 01:01am

گزشتہ روز بالی ووڈ کے معروف اداکار کارتک آریان اور ان کی آنے والی فلم نئی ’ستیہ پریم کی کتھا‘کے پروڈیوسر ساجد ندیاد والا نے پاکستانی سُپر ہٹ نمبر ’پسوڑی‘ کا ری میک بنانے کا اعلان کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس میں یہ بتایا گیا کہ سال 2022 کے مشہور ترین پاکستانی گانے کو اب کارتک آریان اور کیارا ایڈوانی کی آنے والی فلم ستیہ پریم کی کتھا کیلئے ری میک کیا جارہا ہے۔

تاہم اب یہ خبر سامنے آتے ہی مداحوں میں شدید غم و غصہ پایا گیا جس کا برملا اظہار وہ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر کر رہے ہیں۔

بیشتر ٹوئٹر صارفین کے مطابق بالی ووڈ میں اب تخلیقی صلاحیت نہیں رہی اس لئے وہ نقل کرنے کو ترجیح دیتے ہیں جبکہ کئی صارفین نے بالی ووڈ کو ”پسوڑی“ اور کوک اسٹوڈیو سے دور رہنے کا کہہ دیا تو کسی نے کہا کہ ”اسے ری میک نہیں کاپی پیسٹ کہیں۔“

یہاں تک کہ بعض بھارتی صارفین کا بھی کہنا تھا کہ یہ گانا پہلے ہی اچھا ہے اسے ریمک نہ کریں ۔

بعض صارفین نے لکھا کہ ’پسوڑی‘ ایک پاکستانی گانا ہے اور اس کا ری میک بنانے کا حق بالی ووڈ کو نہیں ہے، انڈین انڈسٹری کو ہمارے فنکاروں کی عزت کرنی چاہئے۔

واضح رہے کہ کارتک آریان اپنی آنے والی فلم ستیہ پریم کی کتھا کی ریلیز کیلئے تیار ہیں، کارتک اور کیارا اس فلم میں پھر ایک ساتھ نظر آئیں گے۔

سمیر ودوان کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم 29 جون 2023 کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔

Pasoori