Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعظم شہبازشریف کا دورہ فرانس، عالمی رہنمائوں سے ملاقاتیں

دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لئے اشتراکی عمل مزید بڑھانے پراتفاق
اپ ڈیٹ 22 جون 2023 11:07pm

وزیراعظم شہبازشریف اور مصر کے صدر عبدالفتح السیسی کی سمیٹ نیو گلوبل فنانسنگ پیکٹ میں شرکت کے موقع پر ملاقات ہوئی۔

وزیراعظم شہبازشریف سمیٹ نیو گلوبل فنانسنگ پیکٹ میں شرکت کے لئے فرانس میں موجود ہیں، جہاں ان کی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوئی ہیں، جن میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لئے اشتراکی عمل مزید بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔

شہباز شریف نے واضح کیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات نے پہلے سے مسائل کا شکار ترقی پذیر ممالک کو مزید مشکلات سے دو چارکردیا ہے، نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے لئے پیرس سربراہی کانفرنس ترقی پذیر ممالک کے لئے امید کا پیغام ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اوران کی دوبارہ آباد کاری ہماری اولین ترجیح ہے اوررہے گی۔

گول میز کانفرنس میں وزیراعظم کا خطاب

گول میز کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ سمٹ کے بہترین انعقاد پر فرانسیسی صدر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان کو گزشتہ سال تباہ کن سیلاب کا سامنا کرناپڑا، 23 لاکھ افراد گھروں سے محروم اور ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں، 20 لاکھ گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے، سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے کروڑوں ڈالرخرچ ہوئے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ موسماتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، اور سیلاب سے ہونے والی تباہی اپنی آنکھوں سے دیکھی، پاکستان کےعوام نے سیلاب جیسی بڑی آفت کا بہادری سےمقابلہ کیا، ہمیں وسائل کی منصفانہ تقسیم کےحوالےسےپالیسی مرتب کرنا ہوگی۔

وزیراعظم کی عالمی رہنماؤں سے ملاقات

وزیراعظم شہبازشریف کی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، مصری صدر عبدالفتاح السیسی، فرانسیسی صدرسیکرٹری جنرل یواین اور امریکی نمائندہ خصوصی جان کیری سے ملاقاتیں ہوئیں۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سے ملاقات

وزیراعظم شہبازشریف کی سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتیرس سے ملاقات ہوئی، جس میں وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے ترقی پزیر ممالک پر معاشی دباﺅ مزید بڑھا گیا ہے، عالمی مالیاتی وسائل کی تقسیم میں منصفانہ رویہ درکار ہے۔

وزیراعظم کی جان کیری سے ملاقات
وزیراعظم کی جان کیری سے ملاقات

نمائندہ خصوصی جان کیری سے ملاقات

وزیراعظم شہبازشریف نے ماحولیات کے لئے امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی جان کیری سے بھی ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک ماحولیاتی مسائل سے ترقی پذیرممالک کی شرح نمو پرپڑنے والے منفی اثرات سے نکلنے میں مدد کے لئے خصوصی کردارادا کریں۔

شہبازشریف مصری صدر سے ملاقات کرتے ہوئے
شہبازشریف مصری صدر سے ملاقات کرتے ہوئے

مصر کے صدر عبدالفتح السیسی سے ملاقات

وزیراعظم شہبازشریف کی مصر کے صدر عبدالفتح السیسی سے ملاقات کی، دونوں رہنماﺅں نے نئےعالمی مالیاتی معاہدے کے سربراہی اجلاس پرملاقات کی۔

وزیراعظم نے اجلاس میں لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کو اہم پیش رفت قراردیتے ہوئے کہا کہ شرم الشیخ نے لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کے قیام پر ایک اہم پیش رفت کی بنیاد رکھی ہے، شرم الشیخ میں جس سیاسی عزم کا اظہار کیا گیا وہ بتدریج آگے بڑھ رہا ہے۔

دونوں قائدین نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا، جب کہ دونوں برادر اسلامی ممالک میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور عالمی وعلاقائی امور پر باہمی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم سعودی ولی عہد سے ملاقات کرتے ہوئے
وزیراعظم سعودی ولی عہد سے ملاقات کرتے ہوئے

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات

نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے سربراہی اجلاس کے موقع پروزیراعظم شہبازشریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز کے لئے نیک تمناؤں کا اظہارکیا، جب کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کے لئے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔

فرانس کے صدر ایمانوئل میخواں سے ملاقات

وزیراعظم کی فرانس کے صدر ایمانوئل میخواں سے بھی ملاقات ہوئی، وزیراعطم نے نئے عالمی مالیاتی معاہدے پر سربراہی اجلاس بلانے پر صدر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے تحت قرض کی دلدل میں ڈوبے ترقی پزیر ممالک کی مدد وقت کی ضرورت ہے تاکہ وہاں کے عوام کوریلیف مل سکے۔

وزیراعظم فرانس سے لندن روانہ ہوں گے

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کل فرانس سے لندن پہنچیں گے، جہاں وہ نواز شریف سے ملاقات کے لیے دو سے تین روز لندن میں قیام کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور پارٹی قائد نواز شریف کے درمیان اہم ملاقات طے ہے، جس میں پاکستان سے سنئیر پارٹی رہنما بھی شرکت کریں گے، اس ملاقات میں انتخابات کی تیاریوں اورنگران سیٹ اپ پر گفتگو ہو گی۔

PM Shehbaz Sharif

President of Egypt