Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

نو مئی کے واقعات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، خواجہ آصف

چیئرمین پی ٹی آئی نے ریاست پرحملے کی ترغیب دی، رہنما مسلم لیگ ن
اپ ڈیٹ 22 جون 2023 03:49pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

وفاقی وزیر دفاع اور مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نو مئی کے واقعات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، کچھ لوگوں کا ملٹری ٹرائل ہوگا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہوا۔ جس میں نو مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کیس فوجی عدالتوں میں چلانے کا مطالبہ دہرایا گیا۔ ایوان سے خطاب میں خواجہ آصف نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ریاست پر حملے کی ترغیب دی، ان کے سیاسی مقاصد اور اپنے مفادات ہیں جو توجہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ شہدا کی یاد گاروں اور آرمی تنصیبات پر حملہ ہوا، ایسا نہ ہو کہ تاریخ آپ کو ڈیلیٹ کردے، کتنے لوگوں کا ملٹری ٹرائل کیا گیا ہے اس کا مجھے پتہ نہیں ہے مگر کچھ لوگوں کا ملٹری ٹرائل ہوگا۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں روزانہ شہادتیں ہورہی ہیں، کوئی دن نہیں جب ہماری فوج کا جوان شہید نہیں ہوتا، ایسے حالات میں فوجی تنصیبات پر حملہ کسی ریاست اور قوم کیخلاف اس سے بڑھ کر کوئی جرم نہیں ہوسکتا۔

وفاقی وزیر نے عدلیہ کا نام لیے بغیر مزید کہا کہ سیاسی مقاصد کے لیے ملک کی عزت و وقار کو چیلنج نہ کریں، کوئی ایسا ورثہ چھوڑ کر جائیں کہ آپ کو یاد کیا جائے۔ آپ عدل کی سب سے بڑی کرسی پر بیٹھے ہیں، یہ نہ ہو کہ آپ قصہ پارینہ بن جائیں اور تاریخ آپ کو ڈیلیٹ کردے۔

National Assembly

GHQ Attack

jinah house attack

MAY 9 RIOTS