Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

’دوسری طلاق کے بعد ایسا شوہر ملا جو مجھے واقعی پسند ہے‘

کنول آفتاب کے تشدد کرنے والے شوہرسے متعلق مشورے پر ریحام خان کا ردعمل
شائع 22 جون 2023 10:39am

معروف ٹک ٹاکرکنول آفتاب کی جانب سے انسٹاگرام پرفالوورزکے سوالات جواب دینے کے دوران تشدد کرنے والے شوہر کو برداشت کرنے کا نُسخہ بتانے پرتنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ٹک ٹاکرکے موقف پر تحفظات کا اظہار کرنے والوں میں سابق وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان بھی شامل ہیں۔

دو مرتبہ طلاق کے تلخ تجربے سے گزرنے والی ریحام تیسری بار اپنا گھربساچکی ہیں، انہوں نے کنول کے ان خیالات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے چند مشورے دیے۔

انسٹا گرام پر 30 لاکھ فالوورز رکھنے والی کنول نے خاتون کو تشدد کرنے والے شوہر کو برداشت کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ ایک خاتون کی جانب سے پوچھا گیا تھا کہ اگر کوئی شوہربہت زیادہ تشدد کرتا ہو اور کوئی ملازمت بھی نہ کرتا ہو تو کیا طلاق لے لینی چاہیے؟۔

جواب میں کنول نے لکھا، ’ اسے سپورٹ کرنے اور بہتری کی جانب لانے کی کوشش کریں، طلاق لینا کوئی راستہ نہیں ہے۔’

ریحام نے کنول کا اسکرین شاٹ شیئرکرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ ٹک ٹاکر جوڑی (کنول اور ذوالقرنین ) بہت پسند ہیں لیکن یہ خواتین کی جانب سے دوسری خواتین کی حمایت نہ کرنے کی ایک مثال ہے۔

انہوں نے نکات کی صورت میں اپنا موقف بتاتے ہوئے لکھا کہ طلاق اپنے آپ کو ایک ایسے شخص سے بچانے کا حل ہے جو آپ کو جسمانی وذہنی زیادتی کا نشانہ بناتا ہے۔ آپ ایسے شخص کے ساتھ نہیں رہ سکتے جو بدسلوکی کرتا ہے لیکن اس کے پاس نوکری ہے، آپ کو اسے چھوڑ دینا چاہیئے۔

ریحام نے واضح کیا کہ بدسلوکی کرنے والے کو بہتر برتاؤ کرنے کی ترغیب نہیں دی جاسکتی اور آپ کو کسی بھی بدسلوکی کرنے والے شخص کی حمایت نہیں کرنی چاہئے۔

انہوں نے کنول کو یہ مشورہ بھی دیا کہ آپ کو اپنی زندگی بہتراور محفوظ بنانے والی خواتین کی حوصلہ شکنی نہیں کرنی چاہئے۔

اپنی ٹویٹ میں ریحام نے کنول اور ذوالقرنین کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی لکھا کہ کہ وہ اپنی مقبولیت پاکستانیوں کو صحیح پیغام دینے کے لیے استعمال کریں۔

ریحام کی اس ٹویٹ پر ایک صارف نے ان سے استفسار کیا کہ ، ’ کیا آپ کو نہیں لگتا کہ ایسا کرنے سے حالات بد سے بدتر ہوجائیں گے اور اگرکوئی جنوب ایشیائی خطے میں رہ رہا ہے تو اس اقدام کو بدنامی سمجھاجائے گا۔’

جواب میں ریحام نے اپنی پہلی شادی کے تناظر میں لکھا، ”میں نے سالوں تک طلاق نہیں لی کیونکہ مجھے یہ بتایا گیا تھا۔ تاہم طلاق کے بعد مجھے کوئی مسئلہ نہیں تھا۔ دونوں طلاقوں کے بعد میں ہمیشہ مالی طور پر زیادہ مستحکم اور خوش رہی ہوں۔ پہلی طلاق کے بعد بھی شادی کیلئے میرے پاس بہتراورزیادہ پروپوزلز تھے اور دوسری طلاق کے بعد مجھے ایک ایسا شوہر ملا جو مجھے واقعی پسند ہے۔ لہٰذا اس بدنامی کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے اور اسے شکست دی جا سکتی ہے۔“

واضح رہے کہ ریحام خان ٹی وی اینکر رہ چکی ہیں اور 2014 میں تحریک انصاف کے دھرنے کے دوران ہی ان کی عمران خان سے ملاقاتیں ہوئیں۔ ریحام خان اور عمران خان کی شادی کا اعلان جنوری 2015 میں ہوا تھا تاہم یہ شادی اکتوبر 2015 میں ٹوٹ گئی۔

ان کی پہلی شادی لندن میں مقیم ڈاکٹر اعجاز سے ہوئی تھی۔

ریحام خان نے تیسری شادی جنوری 2023 میں خود سے 13 برس چھوٹے ماڈل مرزا بلال بیگ سے کی۔

شوہر کے تشدد کو برداشت کرنے کا مشورہ دیے جانے پر دیگرصارفین نے بھی ٹک ٹاکر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں گھریلو تشدد کے لفظ کی معنی بھی پتہ نہیں ہوں گے، کئی ایک نے ان کی ذہنی صحت پر بھی سوالات اٹھائے۔

کنول آفتاب اور ٹک ٹاکرچوہدری ذوالقرنین جنوری 2022 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے، دسمبر 2022 میں ان کے یہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی۔

TikToker

Divorce

Reham Khan

Kanwal Aftab