اسلام آباد: شاہ محمود اور اسد عمر کو ہائیکورٹ میں داخلے سے روک دیا گیا
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی اور اسد عمر اسلام آباد ہائیکورٹ میں داخلے سے روکے جانے کےبعد واپس روانہ ہوگئے۔
وکیل آمنہ علی کے مطابق ہائیکورٹ نے شاہ محمود اور اسدعمر کو پیش ہونےکا حکم دیا تھا اس لئے یہ دونوں رہنما اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے۔
وکیل نے مزید بتایا کہ پولیس نے شاہ محمود اور اسد عمر کو ہائیکورٹ میں داخل ہونے سے روک دیا۔ جس کے بعد یہ دونوں واپس روانہ ہوگئے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی ضمانتیں خارج ہوگئی تھیں جس کے بعد یہ دونوں افراد تیزی سے گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہوگئے تھے۔ جبکہ گزشتہ روز دونوں رہنما ہائیکورٹ پہنچے تھے جس کے بعد ان کی گرفتاری کا امکان تھا۔ گزشتہ روز اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کی آمد سے قبل پولیس الرٹ تھی اور پولیس اہلکار اسلام آباد ہائیکورٹ کے اطراف ناکہ لگائے بیٹھ گئے تھے۔
نو مئی ہنگامہ آرائی کیسز
اسلام آباد ہائیکورٹ نے شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی قبل از گرفتاری درخواست ضمانت کی سماعت جمعہ تک کیلئے ملتوی کردی۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے کیسز کی سماعت کی ۔ علی بخاری ، سردار مصروف اور دیگر وکلا عدالت میں پیش ہوئے۔
شاہ محمود قریشی اور اسد عمر عدالت میں پیش نہیں ہوئے جبکہ وکیل علی بخاری نے مؤقف اپنا کہ دونوں رہنما ہائی کورٹ کے باہر آئے، دونوں پٹشنرز کو پولیس نے ہائیکورٹ میں داخل نہیں ہونے دیا۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ گزشتہ روز بھی آپ نے آمد کا کہا تھا ہم نے چیک کیا لیکن پٹشنرز گیٹ پر نہیں تھے، جس پر وکیل نے جواب دیا کہ عدالت ہائیکورٹ گیٹ کی آج کی سی سی ٹی فوٹیج دیکھ لے۔
Comments are closed on this story.