Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

انتخابی ڈاکے کا انتقام عدم اعتماد سے لیا اور نالائق کو گھر بھیج دیا، وزیرخارجہ

جب امپائر کی مداخلت نہیں ہوتی تو پیپلز پارٹی ہی جیتتی ہے، بلاول بھٹو زرداری
اپ ڈیٹ 21 جون 2023 09:59pm

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ انتخابی ڈاکے کا انتقام عدم اعتماد پیش کرکے لیا، اور نالائق کو گھر بھیج دیا۔

وزیرخارجہ اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کراچی کے علاقے لیاری میں ککری اسپورٹس کمپلیکس کے افتتاح کے لئے پہنچے، آصفہ بھٹو،وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

بلاول بھٹواورآصفہ بھٹونےتقریب میں بینظیربھٹو کی سالگرہ کاکیک کاٹا، تقریب میں شرجیل میمن، مکیش کمار چاولہ بھی شریک تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ یہ وہی ککری گراؤنڈ ہے جہاں بینظیر بھٹو اور آصف زرداری کی شادی ہوئی تھی، لیاری اور میرے خاندان کا ایک خاص رشتہ ہے، ملک کی ترقی کی جدوجہد انہی گلیوں سے شروع ہوئی تھی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ لیاری کے عوام نے ہی جنرل ضیاالحق کو للکارہ، آپ نے ککری گراؤنڈ سے مشرف کو للکارہ، اور اس نالائق کو بھی للکارہ تھا، بلدیاتی انتخابات میں لیاری نے کلین سوئپ کیا، جب امپائر کی مداخلت نہیں ہوتی تو پیپلز پارٹی ہی جیتتی ہے، ہم نے 2018 کے انتخابی ڈاکے کا انتقام عدم اعتماد پیش کر کے لیا، اور عدم اعتماد سے نالائق کو گھر بھیج دیا۔

چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ ہمارا مخالف بے روزگاری اور مہنگائی ہے، ہم چاہتے ہیں نوجوانوں کو اسپیس دی جائے، کچھ سیاستدان نوجوانوں کو ورغلاتے ہیں، پیپلزپارٹی نہ نفرت اور نہ تقسیم کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، نوجوانوں کو موقع فراہم کیا جائے تو وہ ڈیلیور کرسکتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ لیاری کے بچوں کو سہولت دے دیں تو ورلڈ کپ کا بندوبست لیاری کے بچے کریں گے، ککری گراؤنڈ میرے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے، یہ گراؤنڈ بنا تو دیا ہے، اب خیال آپ نے رکھنا ہے۔

Bilawal Bhutto Zardari

Liyari