ہائبرڈ ماڈل کا مخالف ہوں، ایشیا کپ مکمل پاکستان میں ہونا چاہیئے تھا، ذکاء اشرف
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نامزد چیئرمین ذکاء اشرف نے کا کہنا ہے کہ ایشیاء کپ اور ورلڈ کپ آرہا ہے اس کی تیاری کرنی ہے، پہلے دن سے ہی ہاٸبرڈ ماڈل کا مخالف ہوں، جب ایشین کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو دی تھی تو ایشیا کپ مکمل پاکستان میں ہونا چاہیئے تھا۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری نے سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کی تقریب کا کیک پی سی بی کے نامزد چیٸرمین ذکا اشرف کے ہمراہ کاٹا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسان مزاری نے بھارت کو پاکستان آکر کرکٹ کھیلنے کی دوبارہ پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اب ضد چھوڑے اور یہاں کرکٹ کھیلے، روایتی حریف نہیں آے گا تو پھر ہم بھی نیوٹرل مقام پر ہی کرکٹ کھیلیں گے۔
احسان مزاری نے مزید کہا کہ بھارت کرکٹ کو سیاست کے طور پراستعمال کرتا ہے، فٹبال اور ہاکی کی ٹیمیں دورہ کرسکتی ہیں توکر کٹ کی کیوں نہیں، پاک بھارت میچز ضرور ہونے چاہیئے، بھارت کو پاکستان آکر کرکٹ کھیلنی چاہیئے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی مینیجمنٹ کمیٹی مزید کام نہیں کر سکتی نہ ہی ان کے فیصلوں کی کوٸی حیثیت ہے، کوشش ہوگی کہ عید سے قبل پی سی بی سے کے الیکشن کرا دیں۔
دوسری جانب پی سی بی کے نامزد چیئرمین ذکا اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں کافی مسائل موجود ہیں لیکن کسی کے خلاف بات نہیں کرنا چاہتا۔
انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ آرہا ہے ہمیں اس کی تیاری کرنی ہے، میں نے ہائبرڈ ماڈل کو پہلے ہی مسترد کر دیا تھا، ایشین کرکٹ کونسل نے پاکستان کو ایشیا کپ کی میزبانی دی، پاکستان کو مکمل ایشیاکپ کی میزبانی کرنی چاہیے، اہم میچز باہر ہوں گے اور نیپال، بھوٹان کے میچز پاکستان میں ہوں گے، پاکستان کے ساتھ ہائبرڈ ماڈل ناانصافی ہے۔
ذکا اشرف نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں بہتری لانے کی کوشش کروں گا، اسلام آباد میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کا منصوبہ تھا، بدقسمتی سے منصوبہ آگے نہ بڑھ سکا، کرکٹ ملک کو متحد کرتی ہے، ملک بھر سے ٹیلنٹ آگے آرہا ہے۔
خیال رہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے 2 مضبوط امیدوار تھے، مسلم لیگ ن نجم سیٹھی کو چیئرمین پی سی بی دیکھنا چاہتی تھی جبکہ پیپلز پارٹی ذکا اشرف کی حامی تھی تاہم 2 روز قبل نجم سیٹھی نے سوشل میڈیا پر بیان کے ذریعے خود کو چیئرمین پی سی بی کی دوڑ سے باہر کر دیا تھا جس کے بعد اب چیئرمین پی سی بی کے لیے مضبوط ترین امیدوار ذکا اشرف ہیں۔
Comments are closed on this story.