جناح ہاؤس حملہ کیس: چیئرمین پی ٹی آئی سمیت 5 ملزمان جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہ ہوئے
9 مئی کو لاہور میں جناح ہاؤس حملے کی تفتیش کے لیے مقدمے میں نامزد پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت 5 ملزمان جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی ) کے سامنے پیش نہ ہوئے۔
جناح ہاؤس حملہ کیس میں ملزمان کی طلبی کے سمن جاری لیکن ملزمان پیش نہ ہوئے۔
ایس پی سول لائنز اور ماڈل ٹاون کو چئیرمین پی ٹی آئی سمیت 5 ملزمان بشریٰ بی بی، حماد اظہر، حسان خان نیازی اور مراد سعید کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی تھی۔
تفتیشی ٹیموں نے تمام ملزمان کو پیشی کے سمن بھی وصول کروائے تھے۔
نوٹسز کے مطابق ملزمان کو 21 جون شام 7 بجے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن آفس میں جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونا تھا۔
جے آئی ٹی نے ملزمان کو تھانہ سرور روڈ میں درج جناح ہاؤس حملے کے مقدمے میں تفتیش کے لیے دوسری مرتبہ طلب کیا تھا۔
تمام ملزمان کے خلاف مقدمہ 10 مئی کو قتل، اقدام قتل، توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج ہوا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں نے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کیا تھا۔
پی ٹی آئی کارکنوں نے جناح ہاؤس لاہور سمیت فوجی تنصیبات، تاریخی عمارتوں، سرکاری املاک اور گاڑیوں کو آگ لگا دی تھی اور پاک فوج نے 9 مئی کو یوم سیاہ قرار دیا تھا۔
اس کے بعد آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس میں فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے ملزمان کے خلاف آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کا فیصلہ کیا گیا تھا اور قومی سلامتی کمیٹی نے اس فیصلے کی توثیق کی تھی۔
حماد اظہر اور چیئرمین پی ٹی آئی کے بھانجے حسان نیازی کے وارنٹ گرفتاری جاری
دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے واقعات میں نامزد ملزمان پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہر، حسان نیازی، زبیر نیازی، خالد گجر اور میاں اسلم اقبال کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 مئی جلاؤ گھیراؤ میں ملوث ملزمان کے خلاف درج مقدمات کی سماعت ہوئی، اے ٹی سی کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہر، چیئرمین پی ٹی آئی کے بھانجے حسان نیازی، زبیرنیازی اور خالد گجر کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ تمام رہنماوں کے وارنٹ گرفتاری تھانہ ریس کورس کےمقدمہ میں جاری کیے گئے۔
ےٹی سی کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے تھانہ گلبرگ کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما اسلم اقبال اور زبیر نیازی کے بھی وارنٹ جاری کردیا۔
Comments are closed on this story.