Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

نادرکو مزید ہراساں نہ کیا جائے، سُنیتا مارشل خود سے نامناسب سوال کرنیوالے کے دفاع میں اتر آئیں

سُنیتا سے مذہب کے حوالے سے سوالات پر نادر کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا
اپ ڈیٹ 21 جون 2023 04:55pm

حال ہی میں نادرعلی کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کرنے والی ماڈل اور اداکارہ سُنیتا مارشل کو تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی نامناسب اور نجی نوعیت کے سوالات کے جوابات بہترین انداز میں دینے پر سراہا جارہا ہے، دوسری جانب سوالات پوچھنے والے نادرعلی معروف شخصیات سمیت عام صارفین کی بھی تنقید کی زد میں ہیں۔ سُنیتا نے درخواست کی ہے کہ نادر کو ہراساں نہ کیا جائے۔

سُنیتا مارشل نے سال 2009 میں اداکار حسن احمد سے پسند کی شادی کی تھی تاہم انہوں نے اسلام قبول نہیں کیا تھا، اسی حوالے سے نادرعلی نے ان سے کچھ انتہائی ذاتی نوعیت کے سوالات کیے جن پر سُنیتا قدرے پریشان بھی دکھائی دیں تاہم انہوں نے تحمل کے ساتھ تمام سوالات کے بخوبی جوابات دیے۔

حسن اور سنیتا کے 2 بچے ہیں، میزبان نے ان سے دوران شو مذہب تبدیل کرنے کے حوالے سے سوال کے علاوہ یہ بھی پوچھا کہ ان کے بچے کس مذہب کو فالو کرتے ہیں۔

جواب میں سُنیتا نے کہا کہ فی الحال ان کا دائرہ اسلام میں داخل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں، نہ ہی سسرال والوں کی جانب سےان پر کسی قسم کا دباؤ ہے۔ شادی سے قبل دونوں نے یہ فیصلہ کر لیا تھا کہ بچوں کو کس مذہب کی پیروی کروانی ہے، انہوں نے کہا کہ چونکہ میں سسرال والوں کے ساتھ رہ رہی ہوں اس لیے بچوں کے دادا، دادی ان کوزیادہ اچھی طرح سے مذہب کی تعلیم دے سکتے ہیں، بجائے اس کے کہ میں بچوں کو بیچ میں چھوڑ دوں کہ وہ اپنی مرضی سے کس مذہب کا انتخاب کریں گے۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ اب یہ ٹرینڈ ہوگیا ہے کہ ایسے والدین جن کے مذاہب مختلف ہو وہ بچوں سے کہتے ہیں کہ وہ خود فیصلہ کریں کہ کس مذہب کو فالو کریں گے۔ لیکن میں اس ٹرینڈ کے خلاف ہوں۔

ان جوابات پر نادرعلی کا یہ بھی کہنا تھا کہ، “ اللہ آپ کو ہدایت دے“ جس سے اداکارہ قدرے غیر آرام دہ صورتحال کا شکار دکھائی دیں۔

اس انٹرویو کے ویڈیو کلپس وائرل ہونے کے بعد عام صارفین سمیت معروف سیلیبرٹیزنے نادرعلی کے رویے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سُنیتا کے حق میں آواز اٹھائی۔

نادیہ افگن نے انسٹااسٹوری میں سُنیتا کیلئے اظہار فخرکرتے ہوئے لکھا کہ لکھا آپ نے اس قسم کے سوالات کے جواب بہادری سے دیے۔

انوشے اشرف نے سوال اٹھایا کہ سنیتا سے انتہائی ذاتی معاملات پر سوالات کیوں پوچھے گئے۔

صبا فیصل نے نادر علی کیلئے ’ہدایت‘ کی دُعا کرتے ہوئے لکھا کہ ، ’آپ مہمان کو شو میں مدعو کرتے ہیں یا کسی مجرم کو کٹہرے میں؟ حد ہے ایسے اسکرپٹ اورایسے اگلوانے کی۔‘

متھیرا نے بھی ایسے سوالات پوچھنے پر معترض ہوتے ہوئے کہا نادر کو یہ سب بند کرنا چاہیے جن سے مہمان ان کے میں آرام دہ محسوس نہ کریں۔

فہد شیخ نے سنیتا مارشل کو سلیوٹ کرتے ہوئے نادر علی کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے پرینکس تک ہی محدود رہیں۔

خود سے اظہار یکجہتی کرنے والوں کی مشکور سنیتا مارشل نے تازہ پوسٹ میں درخواست کی کہ نادر کو مزید مزید ہراساں نہ کیا جائے۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ، ’میں انٹرویو لینے والے شو کے تمام میزبانوں سے کہنا چاہوں گی کہ مستقبل میں اس قسم کے ذاتی نوعیت کے سوالات نہ کریں۔‘

واضح رہے کہ عیسائی مذہب سے تعلق رکھنے والی سنیتا مارشل اور حسن احمد کےدو بچے ہیں، بیٹے کی عمر 14 جبکہ بیٹی کی عمر 10 سال ہے۔

Nadir Ali

Sunita marshall