Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کلر کہار کی قاتل سالٹ رینج سے بسیں قافلوں کی صورت پولیس نگرانی میں گزریں گی

بسوں کو محفوظ مقام پر روک کر ایک ساتھ روانہ کیا جائے گا
اپ ڈیٹ 21 جون 2023 10:44am
اسکرین گریب
اسکرین گریب

ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ اسلام آباد لاہور موٹروے ایم ٹو نارتھ پر پبلک سروس ٹرانسپورٹ بالخصوص مسافر بسوں کے مسافروں اور عملے سمیت دیگر ٹریفک اور عوام الناس کی قیمتی زندگیوں کو حادثات سے بچانے اور روڈ سیفٹی کی غرض سے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کی جانب سے نئی حکمت عملی وضع کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق اسلام آباد سے لاہور کی جانب سفر کرنے والی بسوں کو موٹروے پر پہلے سے مقررہ محفوظ جگہوں پر ٹائم کارڈ جاری کرنے اور سپیڈ چیکنگ کیمروں اور پولیس پٹرول موبائلز آفیسرز کی مدد سے سخت مانیٹرنگ کے ساتھ اب (سالٹ رینج) کلر کہار کے آغاز سے قبل بمقام PSV ہالٹ پوائنٹ ایریا 232 کلومیٹر سائن بورڈ کے قریب محفوظ جگہ پر روک کر آمدہ بسوں کی مناسب تعداد کے گروپ تشکیل دیے جائیں گے اور موٹر وے پولیس موبائلز کے ہمراہ قافلوں کی صورت میں سالٹ رینج کلر کہار دس کلومیٹر کا فاصلہ طے کروایا جائے گا، جبکہ بقیہ سفر کیلئے ایسی تمام بس کمپنیز اور ڈرائیوروں پر نیشنل ہائی ویز اینڈ سیفٹی آرڈیننس کے پہلے سے مروجہ قوانین کا اسی طرز پر اطلاق جاری رہے گا۔

موٹر وے پولیس حکام کے مطابق اس کاوش کے ذریعے موٹر وے اور ہائی ویز بالخصوص سالٹ رینج کلر کہار میں پیش آنے والے حادثات میں نمایاں کمی لانا ممکن ہے ۔

واضح رہے کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کی جانب سے موٹر وے کے تمام داخلہ پوائنٹس ٹول پلازوں پر باوردی بریفننگ آفیسرز چیکنگ سٹاف چوبیس گھنٹے تین شفٹ میں ڈیوٹی پر موجود رہتے ہیں اور اس مقصد کے لیے سیکٹر ایم ٹو نارتھ کے زیر انتظام مین ٹول پلازہ اسلام آباد داخلی مووی پوائنٹ پر PSV انفارمیشن مینیجمینٹ سنٹر بھی کام کر رہا ہے، جس کے ذریعے ایم ٹو موٹر وے پر سفر کرنے والی PSV ٹرانسپورٹ کا ڈیٹا آن لائن مرتب کیا جاتا ہے، جس میں گاڑی کی فٹنس پاسنگ روٹ پرمٹ ڈرائیور لائسنس مالک کے کوائف سیٹنگ گنجائش اوور لوڈنگ، ٹائرز، حفاظتی سیفٹی، ابتدائی طبی سامان، ہنگامی خروج گیٹ، بتیاں اشارے، الیکٹرانک آلات، سیفٹی کونز کے ساتھ ساتھ موقع پر موجود ڈرائیور اور گاڑی کی ظاہری کنڈیش کی جانچ کی جاتی ہے اور معیار پر پورا نہ اترنے والی بسوں کو جرمانے کے بعد فوری ٹول پلازہ سے آؤٹ کر دیا جاتا ہے، تاکہ ایسی کسی بھی قسم کی گاڑی کو ممکنہ حادثے یا بریک ڈاؤن سے بچایا جا سکے۔

ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ یہ امر قابل ذکر ہے کہ موٹر وے کے روڈ سیفٹی آگاہی یونٹ کے نمائندگان روزمرہ کی بنیاد پر دیگر تمام اداروں کے ساتھ ساتھ بس ٹرمینلز اور اڈوں پر روڈ سیفٹی کیمپینز لیکچر اور ورکشاپ منعقد کر کے بس ڈرائیورز مالکان اور عوام الناس میں روڈ سیفٹی شعور کو اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں اور روڈ سیفٹی آگاہی پمفلٹس اور ریڈنگ میٹریل کی تقسیم FM 95 ریڈیو اور سوشل میڈیا کا صحیح استعمال پبلک میں روڈ سیفٹی شعور کی آبیاری میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے ۔

ترجمان نے مزید کہا کہ مروجہ حکمت عملی سے روڈ یوزرز میں صبروتحمل اور نظم و ضبط کو فروغ ملے گا۔

islamabad police

bus accident

Kalarkahar