Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

مودی کو دورہ امریکہ پر شرمندگی کا سامنا، امریکی قانون سازوں کا صدر کو خط

مودی کو دارالخلافہ کا پلیٹ فارم پیش کرنا انتہائی شرمناک ہے، امریکی کانگریس رکن
شائع 21 جون 2023 08:48am
علامتی تصویر بزریعہ روئٹرز
علامتی تصویر بزریعہ روئٹرز

بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کے دورہ امریکا پر امریکی قانون ساز بھی پھٹ پڑے، 75 معروف کانگریس اراکین نے صدر جوبائیڈن کو خط لکھ دیا۔

اٹھارہ امریکی سینیٹر اور 57 ارکان ایوان نمائندگان نے خط میں مودی کے جرائم بے نقاب کیے۔

خط میں بھارت میں بڑھتی مذہبی عدم برداشت، سول سوسائٹی اور صحافیوں کو نشانہ بنانے جیسے سنگین مسائل کی نشاندہی کی گئی۔

خط میں امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی 2022 کی کنٹری رپورٹ برائے انسانی حقوق کا ذکر بھی شامل کیا گیا۔

ساتھ ہی لکھا گیا کہ آزادی اظہار سے متعلق بھارت کی عالمی درجہ بندی میں کمی ہوئی ہے، بھارت کے ساتھ دوستی مشترکہ اقدار پر ہونی چاہیے۔

امریکی قانون سازوں نے مطالبہ کیا کہ امریکی صدر بائیڈن مودی سے ملاقات میں یہ تمام معاملات زیر غور لائے جائیں۔

دوسری جانب امریکی رکن کانگریس راشدہ طلیب نے اپنی ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ مودی کی غیر جمہوری اقدامات، مسلمانوں اور مذہبی اقلیتوں کو نشانہ بنانے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور صحافیوں کے خلاف کارروائیوں کی ایک لمبی تاریخ کے باوجود انہیں ہمارے ملک کے دارالخلافہ کا پلیٹ فارم پیش کرنا انتہائی شرمناک ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ وہ مودی کے خطاب کیلئے بلائے گئے ایوان کے مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ کریں گی۔

Narendra Modi

us visit

Congress members' letter to president