Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسلام آباد پولیس کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کیلئے مزید وسائل فراہم کریں گے، وزیراعظم

وزیراعظم کا پولیس لائنز اسلام آباد کا دورہ، یاد گار شہداء پر حاضری دی
شائع 20 جون 2023 07:44pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ قوم کو پولیس اہکاروں پر فخر ہے، آپ نے فرض کی ادائیگی میں کوئی کوتاہی نہیں کی، اسلام آباد پولیس کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کے لیے مزید وسائل فراہم کریں گے۔

وزیراعظم نے پولیس لائنز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یاد گار شہداء پر حاضری دی اور پھول رکھے جبکہ شہباز شریف کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے نیشنل پولیس اسپتال کا افتتاح کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ مجھے یہاں آکر خوشی ہوئی، اسلام آباد پولیس نے قوم کی امنگوں کے مطابق فرض کی ادائیگی سرانجام دی، پوری قوم کو اسلام آباد پولیس پر فخر ہے، اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں نے بلاخوف و خطر اپنے فرائض انجام دیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے 100 بستر پر مشتمل نیشنل پولیس اسپتال کا افتتاح کیا، نیشنل پولیس اسپتال کو بہت پہلے بن جانا چاہیئے تھا، حکومت کی طرف سے پولیس اہلکاروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اسپتال کی تعمیر جلد سے جلد شروع کرنے کی کوشش کروں گا، پولیس اور ان کے اہل خانہ کا علاج حکومت کی ذمہ داری ہے، پولیس اہلکاروں، شہداء اور ان کے اہل خانہ کو مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس کے جوانوں نے فرائض کی ادائیگی میں جانوں کی قربانی دی، اسلام آباد میں ڈولفن فورس کا قیام عمل میں لائیں گے، تربیت کے لیے اہلکاروں کو ترکیہ بھیجا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ نے اسلام آباد پولیس کے لیے جو بھی اقدامات کیے قابل ستائش ہیں، اسلام آباد پولیس کے اہلکار قوم کے مایہ ناز سپاہی ہیں، اسلام آباد پولیس کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کے لیے مزید وسائل فراہم کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس میں 2 ہزار جوانوں کو میرٹ پر بھرتی کیا گیا ہے، میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر بھرتیاں ہوں گی تو ملک ترقی کرے گا، امن و امان الاؤنس کا اجراء جلد یقینی بنایا جائے گا۔

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif

police lines hospital