سانحہ 9 مئی کے بعد لاپتہ انجینئرکی بازیابی کا کیس، سی سی پی او لاہور ذاتی حیثیت میں طلب
لاہور ہائیکورٹ میں نو مئی کیس میں ملوث پی ٹی آئی کارکن کے کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے سی سی پی او لاہور کو 22 جون کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
نو مئی کیس میں ملوث پی ٹی آئی کارکن کے بوڑھے والدین نے جواں سال بیٹے کی بازیابی کی درخواست کردی، جسٹس امجد رفیق نے درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے ایس پی سیکیورٹی عمارہ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آپ بلکل کام نہیں کر رہی، آپ نے ٹھیک طریقے سے کیس کو انویسٹی گیٹ نہیں کیا۔
عدالت نے استفسار کیا کہ جب ملزم کسی مقدمے میں مطلوب یا ملوث ہی نہیں تو وہ ہے کہاں، آپ کو دو دن کا وقت دیا جاتا ہے، مدعی کے بچے کو عدالت میں پیش کیا جائے۔
یاد رہے کہ درخواست گزار روبینہ خوشنود نے اپنے بیٹے منیب کی بازیابی کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کررکھی ہے۔ والدین بیٹے کی بازیابی کے لیے عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ گلفام مسلم رانا نے دلائل پیش کیے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ میرا بیٹا آئی ٹی انجینئر ہے اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہیں، نو مئی کے بعد 16 مئی کو میرے بیٹے کو بغیر کسی الزام کے اٹھا لیا گیا، رات ڈیڑھ بجے 28 سے 30 افراد آئے جو ہمارے بیٹے کو اٹھا کر لے گئے۔
ایڈووکیٹ گلفام نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کے بیٹے کا تعلق کسی سیاسی جماعت سے نہیں ہے، عدالت درخواست گزار کے بیٹے کو بازیاب کروانے کا حکم دے۔
Comments are closed on this story.