Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پیپلز بس سروس کی بکنگ، روٹ اور کرایہ کی معلومات اب بہت آسان

صوبائی وزیر شرجیل میمن نے پیپلز بس سروس کی ایپ 22 جون سے لانچ کرنے کا اعلان کردیا
شائع 20 جون 2023 01:16pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

سندھ کے وزیر اطلاعات اور ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے پیپلز بس سروس کی ایپ 22 جون سے لانچ کرنے کا اعلان کردیا۔

کراچی میں صوبائی وزیر شرجیل میمن کی صدارت میں محکمہ ٹرانسپورٹ اور این آر ٹی سی حکام کا اجلاس ہوا۔ جس میں پیپلزبس سروس کو آن لائن سسٹم سے جوڑنے کا فیصلہ کیا گیا۔

پیپلز بس سروس کی ایپ سے شہریوں کو گاڑی کی لوکیشن کا پتہ چل سکے گا، صارفین آن لائن بکنگ، روٹ، کرایوں و دیگر معلومات حاصل کرسکیں گے۔ ایپ کے ذریعے صارفین اپنی شکایات بھی براہ راست حکام بالا تک پہنچا سکیں گے۔

صوبائی حکومت کے اقدامات کے تحت 20 گرین بسز 20 اگست تک پیپلز بس سروس کا حصہ بن جائیں گی۔ انٹیلی جنٹ ٹرانسپورٹ سسٹم کے تحت گاڑیوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ گاڑیوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کے ساتھ آڈیو سسٹم، یو ایس بی پورٹ، وائی فائی اور ڈرائیور الارم نصب ہوں گے۔

اجلاس کے موقع پر شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ عوام کو سستی بس سروس کی فراہمی یقینی بنائی جائےگی، سندھ حکومت عوام کی سفری تکالیف کو سمجھتی ہے اس لئے شہریوں کی مشکلات کا خاتمہ چاہتی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ دیہی علاقوں کو پیپلز بس کے ذریعے شہری علاقوں سے جوڑا جائے گا، اس حوالے سے بھی منصوبے شروع کئے جائیں گے۔

شرجیل میمن نے دوران اجلاس الیکٹرک بسز کے چارجر کے مسائل حل کرنے کی ہدایت بھی کی جبکہ لیاری ایکسپریس وے پر پیپلز بس چلانے سے متعلق مزید سروے کرنے اور حیدرآباد میں ہالہ ناکہ سے کیسانہ موری تک پیپلز بس سروس چلانے پر غور کیا گیا۔

peoples bus service

Karachi Transport

Karachi development