Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بلوچستان کا آئندہ مالی 2023- 24 کا خسارے کا بجٹ پیش کر دیا گیا

بلوچستان کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کا کُل تخمینہ 750 ارب روپے ہے
اپ ڈیٹ 19 جون 2023 08:36pm

بلوچستان کابینہ نے مالی سال 2023- 24 کے صوبائی بجٹ کی منظوری دے دی، اور صوبے کا آئندہ مالی 2023- 24 کا خسارے کا بجٹ پیش کردیاگیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا بجٹ اجلاس ہوا، جس میں سیکرٹری خزانہ نے صوبائی محاصل اور اخراجات، آئندہ مالی سال کے بجٹ کے خدوخال اور ترقیاتی پروگرام پر بریفنگ دی۔

بلوچستان کابینہ نے مالی سال 2023-24 کے صوبائی بجٹ کی منظوری دے دی، جس کے بعد صوبے کا بجٹ صوبائی اسمبلی میں پیش کردیا گیا۔

بلوچستان کے نئے مالی سال کا بجٹ وزیرخزانہ زمرک خان اچکزئی نے ایوان میں پیش کیا، اجلاس 3 گھنٹہ کی تاخیرسے اسپیکر جان محمد جمالی کی صدارت میں منعقد ہوا۔

بلوچستان کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کا کُل تخمینہ 750 ارب روپے ہے، غیرترقیاتی بجٹ کا حجم 437 ارب روپے ہے، مجموعی ترقیاتی بجٹ کا حجم 229.301 ارب روپے ہے۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30 سے 35 فیصد اضافہ اور کم ازکم اجرت 32 ہزار روہے مقرر کی گئی ہے، گوادر کو خصوصی اکنامک زون قرار دے کر تمام صوبائی ٹیکسوں سے مستثنی قرار دیا گیا ہے۔

آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بے روزگاری کے خاتمے کے لئے 4389 نئی اسامیاں رکھی گئیں ہیں، صوبے کو وفاق سے این ایف سی ایوارڈ کی مد 521 ارب روپے ملے گے، صحت تعلیم، پینے کےصاف پانی اور امن وامان کے شعبوں کو ترجیح دی گئی، بجٹ میں صحت کے شعبے کے لئے مجموعی 87 ارب روپے، اور تعلیم کے فروغ کے لئے مجموعی طور پر77 ارب 21 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

صوبے میں امن و امان کے قیام کے لئے 53 ارب روپے رکھے گئے، پینے کے صاف پانی کے لئے 31 ارب 60 کروڑ روپے مختص کئے ہیں، گوادر کو خصوصی معاشی زون قرار دیتے ہوئے تمام صوبائی ٹیکسز سے مستثنی قرار دیا گیا ہے۔

صوبے میں نئے مالی سال کے دوران 4721 جاری اسکیمات کے 170ارب روپے جب کہ 5068 نئی اسکیمات کے لئے 58 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جب کہ 4389 نئی اسامیاں تخلیق کی گئی ہیں۔

اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر خزانہ زمرک خان کا کہنا تھا کہ آئندہ بجٹ تاریخی ہے، موجودہ صورتحال میں بہترین بجٹ پیش کر رہے ہیں، جس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، ملازمین کی رننگ بیسک پر تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔

وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ ہم نے جو فیصلے کئے اس پرعمل بھی کیا، جب تک ہم اقتدار میں رہیں گےعوام کی خدمت کرتے رہیں گے، صوبے کے عوام فلاح ہماری اولین ترجیح ہے۔

زمرک اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان حکومت نے ریکوڈک کا معاہدہ کیا، ریکوڈک معاہدہ بلوچستان سمیت ملکی ترقی میں اہم کرداراداکرے گا، موجودہ صوبائی حکومت نے کسانوں کے لیے کارڈ کا اجرا کیا، سیلاب متاثرین کے لیے پی ڈی ایم اے کو فنڈز فراہم کئے۔

balochistan budget

budget 2023 24