Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

شیل پاکستان میں کاروبار بند نہیں رہا، اسحاق ڈار کی وضاحت

تمام ادائیگیاں وقت پر ہوں گی، وزیر خزانہ
اپ ڈیٹ 17 جون 2023 06:00pm
فائل فوٹو (اے ایف پی)
فائل فوٹو (اے ایف پی)

وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے پیٹرولیم کمپنی شیل کی جانب سے پاکستان میں اپنے حصص (شئیرز) کی فروخت پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیل ایک اور سرمایہ کار کو اپنے شیئرز فروخت کرنا چاہتا ہے۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہم نے چین کے دو بینکوں سے رابطہ کیا اور مقررہ وقت سے پہلے ادائیگی کرنے کا کہا، بیرونی ادائیگی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیر کو ہم نے چین کو ادائیگی کی، طے ہوا فاسٹ ٹریک سے ادائیگی کی جائے گی، 30 کروڑ ڈالرز کی بھی چین کو ادائیگی کردی ہے لہٰذا چین کے بینکوں کو ادائیگی میں کوئی جرمانہ ادا نہیں کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ چین سے 30کروڑ ڈالرز جلد مل جائیں گے یہ طے کرچکے ہیں، 300 ملین ڈالرز بھی پاکستان کو 3 یا 4 روز میں واپس آجائیں گے۔

شیل کی جانب سے حصص فروخت کرنے سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ شیل کمپنی پاکستان میں اپنا بزنس بند نہیں کررہی، شیل کمپنی جوبھی فیصلہ کرےگی، وہ حکومتی فیصلوں پرعملدرآمد کا پابند ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شیل ایک اور سرمایہ کارکو اپنے شیئرز فروخت کرنا چاہتا ہے، شیل کے ملازمین اسی طرح رہیں گے، شیل کمپنی اپنے شیئرز بیچ کر بیرون ملک رقم نہیں لے جارہی، اپنے شیئرزفروخت کررہا ہے، اس کا ملک کے حالات سے تعلق نہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ شیل کمپنی کے حوالے سے بے بنیاد قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں، پاکستان میں شیل کے شیئرز کسی اور کے نام منتقل ہوجائیں گے، حکومت پاکستان کو شیل کے اس فیصلے کے حوالے سے کئی ماہ پہلے پتا تھا، شیل کمپنی جرمنی، انگلینڈ سمیت کئی ممالک میں اپنے شیئرز بیچ رہی ہے، کوئی کاروبار بند ہورہاہے نہ کوئی بیروزگار ہو رہا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں شیل پیٹرولیم کمپنی نے پاکستان میں کمپنی کے تمام شیئرز فروخت کرنے کا اعلان کیا تھا۔

Ishaq Dar

Shell Petroleum Company Limited (SPCo)

Shell Pakistan Limited (SPL)