Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

توہین رسالت کیخلاف خصوصی شعبہ اور پیمرا نوٹیفکیشن واپسی، 12 نکاتی حکومت ٹی ایل پی معاہدہ سامنے آگیا

پیٹرول قیمت سمیت دیگر مطالبات رکھے، حکومت نے مان لیے، رہنما مذہبی جماعت
اپ ڈیٹ 17 جون 2023 03:33pm
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی اسلام آباد میں ٹی ایل پی رہنما کے ہمراہ پریس کانفرنس۔ فوٹو — اسکرین گریب
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی اسلام آباد میں ٹی ایل پی رہنما کے ہمراہ پریس کانفرنس۔ فوٹو — اسکرین گریب

اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے والی مذہبی جماعت تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے ٹی ایل پی کے مرکزی رہنما و ترجمان ڈاکٹر شفیق امینی کے ساتھ ایک غیرمعمولی پریس کانفرنس کی ہے۔

رانا ثنا اللہ اور شفیق امینی کے مطابق حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں کمی سمیت ٹی ایل پی کے مطالبات تسلیم کرلیے ہیں۔

حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان 12 نکات پر اتفاق ہوا ہے جو درج ذیل ہیں۔

  • حالیہ گستاخیوں میں ملوث گستاخان رسول ﷺ و گستاخان مقدسات اسلام کا غیر جانبدارانہ ٹرائل چلا کر انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، نیز سزا یافتہ ملزمان کی اپیلوں کا فیصلہ بھی اسپیڈی کرایا جائے گا۔
  • سوشل میڈیا سے گستاخانہ اور غیر مہذب مواد ہٹانے کیلئے فلٹریشن نظام لگایا جائے گا۔
  • مقدسات اسلام کی تضحیک کو روکنے کیلئے پہلے سے موجود ادارہ کی صلاحیت اور استعداد کو مزید بڑھایا جائے گا تا کہ وہ اپنے کام کو موثر طریقے سے سرانجام دے سکے، نیز ایف آئی اے کے تحت Counter Blasphemy Wing کا با قاعدہ قیام عمل میں لایا جائے گا۔
  • آرٹیکل295 سی کے ملزمان پر ATA7 کا اطلاق بھی کیا جائے گا۔
  • ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے وزارت خارجہ کاروباری دنوں 3 میں امریکی حکومت کے نام خط جاری کرے گا اور اُن کی وطن واپسی کے لیے حکومت مزید سنجیدہ اقدامات اٹھائے گی۔
  • اردو کو بطور سرکاری و دفتری زبان مزید ترویج دی جائے گی۔
  • تحریک لبیک پاکستان کے خلاف پیمرا اور پی ٹی اے کے تمام نوٹیفیکیشنز کو ڈی نوٹیفائی کیا جائے گا۔
  • حکومت پاکستان تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان و ذمہ داران پر درج تمام سیاسی مقدمات کا اخراج کرے گی۔
  • وزارت داخلہ تحریک لبیک پاکستان سے متعلق ایک خط جاری کرے گی جس میں ان تمام امور کی صراحت ہوگی کہ تحریک لبیک پاکستان دہشتگرد تنظیم نہیں بلکہ ایلکشن کمیشن آف پاکستان کے تحت رجسٹرڈ ایک سیاسی جماعتے ہے، اس جماعت پر حکومت کی طرف سے سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ پر کسی بھی قسم کی کوئی پابندی عائد نہیں ہے، بلکہ دیگر سیاسی جماعتوں کی انہیں بھی مکمل آزادی حاصل ہے۔
  • تحریک لبیک کے ذمہ داران و کارکنان جن کو فورتھ شیڈول سے نکالا جاچکا ہے، ان پر تمام عائد پابندیاں اٹھا دی جائیں گی، اس متعلق حکومت پاکستان صوبائی حکومتوں کو ہدایات جاری کرے گی۔
  • پیٹورلیم مصنوعات کیق میتوں میں کمی لانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے ٹی ایل پی کے مطالبہ کے تناظر میں یہ طے پایا کہ آئندہ پیٹرولیم کی قیمتوں کے تعین میں بین الاقوامی سطح پر کمی، روس سے سستے تیل کی درآمد، روپے کی قدر میں بہتری کا فیصد100 فائدہ عوام کو منتقل کیا جائے گا، جبکہ 30 جون 2023 کو پہلے مرحلے میں تحریک لبیک پاکستان کے مطالبے کے مطابق قیمتوں میں کمی کی جائے گی۔ نیز 15 جولائی 2023 کو دوسرے مرحلے میں بھی کمی کی جائے گی۔
  • اس معاہدہ پر عملدرآمد کے لئے ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں تحریک لبیک پاکستان چار نام دے گی، جبکہ حکومت پاکستان کی جانب سے وزارت داخلہ، پی ٹی اے، ایف آئی اے، منسٹری آف انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی، اور صوبائی محکمہ داخلہ کے نمائندے شامل ہیں۔

معاہدے پر حکومت کی جانب سے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، وفاقی وزی برائے سیاسی امور ایاز صادق نے دستخط کئے۔ جبکہ ٹی ایل پی جانب سے رکن شوریٰ تحریک لبیک ڈاکٹر محمد شفیق امین اور علامہ غلام عباس فیضی نے دستخط کئے۔

معاہدے کے بعد غیرمعمولی پریس کانفرنس

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک کےوفد سےمذاکرات ہوئے ہیں، تحریک لبیک کے تحفظات ناموس رسالتﷺ سے متعلق تھے، ناموس رسالتﷺہرمسلمان کےایمان کا بنیادی جزو ہے، اس کے تحفظ کوممکن بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

عافیہ صدیقی سے متعلق انہوں نے کہا کہ عافیہ صدیقی کا معاملہ ایک قومی ایشو ہے، ان کے معاملے پر ہر پاکستانی غم زدہ ہے، فوزیہ صدیقی نے کچھ روز قبل عافیہ صدیقی سے ملاقات کی، جس حالت میں عافیہ کو رکھا گیا وہ افسوسناک ہے، لہٰذا انسانی حقوق کی تنظیموں کو اس کا نوٹس لینا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی نے پیٹرول کی قیمت میں کمی کا مطالبہ کیا، حکومت بھی عوام کو ریلیف فراہم کرنا چاہتی ہے، اسحاق ڈارنےپیٹرول کی قیمت کم کرنےکی یقین دہانی کرائی ہے، پرامن انداز میں تمام معاملات کا حل چاہتے ہیں۔

رہنما تحریک لبیک پاکستان کا کہنا ہے کہ پیٹرول قیمت سمیت دیگر مطالبات رکھے ہیں جو حکومت نے مان لیے ہیں۔

شفیق امینی نے اس بات کی تعریف کی کہ ماضی کی حکومت کے برعکس موجودہ حکومت نے تصادم کا راستہ اختیار نہیں کیا۔

پریس کانفرنس کے دوران جب شفیق امینی نے اپنی بات ختم کی تو مذہبی جماعت کے کارکنوں کی جانب سے ’لبیک، لبیک‘ کے نعرے بھی لگائے گئے۔

واضح رہے کہ ٹی ایل پی نے گزشتہ دنوں ’پاکستان بچاؤ‘ مارچ کا اعلان کیا تھا، لانگ مارچ کو تحریک کے مرکزی دفتر ملتان روڈ سے روانہ ہو کر شہر کے مختلف راستوں سے گزرتا ہوا براستہ جی ٹی روڈ اسلام آباد جانا تھا۔

اس ضمن میں مذہبی جماعت کے مارچ کو روکنے کے لئے انتظامیہ نے مین جی ٹی روڈ پر خندقیں کھودنا شروع کردی تھیں جب کہ دریائے جہلم پل سمیت جی ٹی روڈ کو کنٹینرز لگا کر ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا تھا۔جس کے سبب مارچ آگے نہیں بڑھ پایا۔

تحریک لبیک پاکستان اور حکومت کے درمیان معاملات طے پانے کے بعد مارچ ختم کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

PMLN

federal government

Rana Sanaullah

TLP

Dr Aafia Siddiqui