Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

امریکہ میں پہلی مسلمان خاتون کو فیڈرل جج مقرر کرنے کی توثیق

نیو یارک میں امریکی ڈسٹرکٹ کورٹ کی وفاقی جج کے طور پر خدمات انجام دیں گی
اپ ڈیٹ 16 جون 2023 12:42pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

امریکی سینیٹ نے پہلی مسلمان خاتون نصرت جہاں چوہدری کو فیڈرل جج مقرر کرنے کی توثیق کردی۔

نصرت جہاں چوہدری کی نیو یارک میں وفاقی جج کے طور پر تقرری امریکی مسلم کمیونٹی کے لیے خوشی کی بات ہے۔ امریکی گروپوں نے سینیٹ سے وفاقی جج کیلئے پہلی مسلمان خاتون جج کی توثیق ہونے پر جشن منایا۔

یو ایس اے ٹوڈے کے مطابق نصرت جہاں چوہدری بنگلہ دیشی نژاد امریکی ہیں۔ امریکی سینیٹ سے توثیق کے بعد وہ زاہد قریشی کے بعد فیڈرل جج کے طور پر کام کرنے والی دوسری مسلمان ہوں گی۔

یاد رہے کہ بائیڈن انتظامیہ نے نصرت جہاں چوہدری کو جنوری 2022 میں نامزد کیا تھا۔ سماجی انصاف، شہری آزادی اور مسلم حقوق کے متعدد گروپوں نے ان کی نامزدگی کی حمایت کی تھی۔

امریکی سینیٹ نے جمعرات کو نصرت جہاں کی تقرری کی توثیق کے لیے ووٹ دیا اور وہ نیو یارک کے مشرقی ضلع کے لیے امریکی ڈسٹرکٹ کورٹ کی وفاقی جج کے طور پر خدمات انجام دیں گی۔

امریکا میں قائم گروپ مسلم ایڈووکیسی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر عمر فرح نے اپنے بیان میں کہا کہ نصرت چوہدری نے اپنے کیریئر میں اس بات کو یقینی بنایا کہ قانونی نظام کے ذریعہ تمام لوگوں کے ساتھ منصفانہ سلوک کیا جائے۔

US State Department