Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

چوہدری پرویزالہی کی طبیعت کے حوالے سے ان کی اہلیہ کی پہلی ویڈیو جاری

بتایا جائے پرویزالہیٰ کا قصور کیا ہے، اہلیہ
شائع 15 جون 2023 07:56pm

سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کی اہلیہ نے جیل میں شوہرکی صحت اور سہولتوں کی عدم دستیابی پر اپنا پہلا ویڈیو بیان جاری کردیا۔

تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہی کی اہلیہ نے ویڈیو بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں ںے شوہر کو جیل میں سہولتوں کی عدم دستیابی اور ان کی صحت کے حوالے سے شکایت کی ہے۔

پرویزالہیٰ کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ چند روز قبل پی آئی سی اسپتال سے فون آیا تھا، اور ڈٖاکٹر نے بتایا کہ پرویزالہی کو کیمپ جیل سے اسپتال منتقل کیا گیا ہے، اور ان کی طبیعت بہت خراب ہے۔

اہلیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ خبر ملتے ہی ہم اسپتال پہنچے تاہم تقریبا 4 گھنٹے تک پولیس نے ہمیں اسپتال کے اندر نہیں جانے دیا، جب کہ پرویزالہی کو مکمل ٹیسٹ کرائے بغیر ہی جیل منتقل کردیا، حالانکہ ڈاکٹرز نے انہیں اس اقدام سے روکا بھی تھا۔

انہوں نے اپنے بیان میں بتایا کہ کافی دنوں کے بعد آج پرویز الہی سے ملاقات کروائی گئی، اتنی مشکلات کے باوجود وہ اپنے موقف پر پہلے سے زیادہ قائم ہیں، اور ان کی جانب سے اللہ پر کامل توکل پر مجھے بہت تسلی ہوئی۔

اہلیہ کا کہنا تھا کہ مجھے پرویزالہیٰ نے جیل کے حالات بتائے، مجھے پتہ چلا کہ انہیں جیل میں سی کلاس میں رکھا گیا ہے، اور اس میں بھی انہیں سی کلاس کی بھی سہولتیں نہیں دی جارہیں، میرا سوال ہے کہ بتایا جائے کہ ایک 77 سال کے شخص کا قصور کیا ہے، انہیں کس بات کی سزا دی جارہی ہے، انہیں عام شہری والی بھی سہولت کیوں نہیں دی جارہی، وہ جو بھی ہیں پاکستانی شہری تو ہیں، میں صرف ان سوالات کے جوابات کے لئے پہلی بار ویڈیو پر آئی ہوں۔

Chaudhry Pervaiz Elahi