Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار، بجلی کی ترسیل متاثر

بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، سیالکوٹ میں چھت گرنے سے 6 افراد زخمی
شائع 15 جون 2023 10:15am
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

لاہورسمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ برسات کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

لاہور سمیت لیسکو ریجن کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے موسم سہانا ہوگیا اور گرمی کے ستائے شہریوں کے چہروں پر مسکراہٹیں آگئیں لیکن بارش کے بعد متعدد علاقوں میں بجلی کی بندش سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔

بارش کی وجہ سے لیسکو کے 75 فیڈرز سے بجلی کی سپلائی معطل ہوئی۔ ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ بجلی کی ترسیل یقینی بنانے کے لئے لیسکو فیلڈ اسٹاف کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کا کہنا ہے کہ لاہور کے تمام علاقوں میں بارش ہوئی، سب سے زیادہ قرطبہ چوک میں 145 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

کمشنر لاہور نے بارش کے بعد بحالی کے کاموں کے لئے متعلقہ محکموں کے حکام کو فیلڈ وزٹ یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ واسا اور ایم سی ایل ڈی واٹرنگ مشینری کے ہمراہ کام شروع کریں۔ شہر کے نشیبی علاقوں میں نکاسی آب مشینری اور افرادی و سائل دستیاب رکھیں۔

لاہور کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں میں بارش ہوئی جن میں سیالکوٹ، رائے ونڈ، چنیوٹ، گجرات، وزیرآباد، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، پھالیہ، چک جھمرہ، شرقپور اور دیگر شامل ہیں۔

بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا اور کئی دن سے جاری گرمی کی شدت ختم ہوگئی۔ تاہم عوام کو مختلف علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی بندش کا سامنا ہے۔

تیز بارش سے کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور جہاں ترقیاتی کام چل رہے تھے وہاں بھی پانی جمع ہونے سے مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔ گجرات سمیت کئی شہروں میں مون سون کی بارشوں سے قبل میونسپل کارپوریشن کی جانب سے سیوریج نالوں کی صفائی کے دعوؤں کی قلعی کھل گئی۔

سیالکوٹ کے علاقے ویرو والا چیمہ ڈسکہ روڈ پر بارش کی وجہ سے مکان کی چھت گر گئی جس سے چھ افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں 7 سالہ عمیر، 5 سالہ زین، 12 سالہ محمد علی اور 30 سالہ شہناز، 24 سالہ شبانہ اور 17سالہ شازیہ شامل ہیں۔

Heavy rain

Cyclone

LESCO