فردوس عاشق ”استحکام پاکستان پارٹی“ کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مقرر
فردوس عاشق کو ”استحکام پاکستان پارٹی“ کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مقرر کردیا گیا۔
سینئر سیاستدان جہانگیر ترین اپنی جماعت ”استحکام پاکستان پارٹی“ کے قیام کا اعلان 8 جون کو کیا تھا، جب کہ 12 جون کو پارٹی کے عہدیداران کا بھی اعلان کیا تھا، جس کے مطابق عبدالعلیم خان کو پارٹی کا صدر، عامر کیانی کو سیکرٹری جنرل، جب کہ عون چوہدری کو پارٹی کا ایڈیشنل سیکرٹری جنرل، ترجمان اور پیٹرن اِن چیف بنایا تھا۔
آج جہانگیر خان ترین نے فردوس عاشق اعوان کو پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مقرر کردیا ہے۔
دوسری جانب ”استحکام پاکستان تحریک“ کے بانی احمد کلیم کی جانب سے ”استحکام پاکستان پارٹی“ کو لیگل نوٹس بھیجا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ”استحکام پاکستان تحریک“ کے نام سے سیاسی جماعت پہلے ہی رجسٹرد ہے۔
نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ ”استحکام پاکستان تحریک“ کو 2022 میں رجسٹرڈ کروایا گیا، اور ہماری جماعت کو سکے کا انتخابی نشان بھی الاٹ کیا جاچکا ہے، پہلے سے رجسٹرڈ ہونے کے باوجود نئی جماعت کی تشکیل الیکشن ایکٹ 2017 کی خلاف ورزی ہے۔ سیاسی جماعت کے ہوتے ہوئے اسی نام سے پارٹی کی تشکیل سراسر غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔
Comments are closed on this story.