لاہور ہائیکورٹ نے عمران ریاض کی بازیابی کیلئے پولیس کو مزید مہلت دے دی
لاہور ہائیکورٹ نے اینکر پرسن عمران ریاض کو بازیاب کرانے کے لیے پولیس کو مزید 10 روز کی مہلت دے دی۔ عدالت نے قرار دیا کہ صحافی کی زندگی کے لیے دعا گو ہیں۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی نے اینکر پرسن عمران ریاض کی بازیابی کے لیے ان کے والد ریاض خان کی درخواست پر سماعت کی۔ آئی جی پنجاب سمیت دیگر افسر عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
عمران ریاض کے وکیل میاں علی اشفاق نے بتایا کہ وہ ورکنگ کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے تھے اور آئی جی پنجاب نے یقین دہانی کرائی کہ وہ کوششیں کررہے ہیں۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ کیا وہ ورکنگ کمیٹی کی کاوش سے مطمئن ہیں۔
جس پر وکیل نے جواب میں کہا کہ عمران ریاض کی بازیابی درکار ہے، اس کے لیے آئی جی پنجاب سمیت ان کی ٹیم کام کررہی ہے، امید کرتے ہیں کہ پولیس جلد عمران ریاض کو بازیاب کرلے گی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے عمران ریاض کی بازیابی کے لیے پولیس کو مزید 10 روز کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
Comments are closed on this story.