اتحادی حکومت کی کابینہ اراکین کے بیرون ملک دوروں کی دستاویز سامنے آ گئی
شہباز شریف حکومت کی اتحادی کابینہ کے 22 وزرا نے ایک سال میں 93 ممالک کا دورہ کیا، جس کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
اتحادی حکومت کے پہلے 9 ماہ میں وفاقی وزراء اور وزرائے مملکت نے 93 بیرون ممالک دورے کئے، جس کی تفصیلات ”آج نیوز“ نے حاصل کرلی ہیں۔
دستاویزات کے مطابق سال 2022 میں شہباز شریف حکومت کی اتحادی کابینہ کے 22 وزراء نے ایک سال میں 93 ممالک کا دورہ کیا، اور ان دوروں پر سرکاری خرانہ سے ساڑھے 8 کروڑ روپے خرچ کئے گئے۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ 9 ماہ میں سب زیادہ بیرونی دورے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کئے، اوران بیرون ملک دوروں کی تعداد 18 بنتی ہے۔ اور ان میں 3 امریکا،3 متحدہ عرب امارات کے دورے بھی شامل ہیں، تاہم دستاویزات میں وزیرخارجہ کے بیرون ملک دوروں کے اخراجات کو ظاہر نہیں کیا گیا۔
دستاویزات کے مطابق دوسرے نمبر پر وزیرمملکت خارجہ حناربانی کھر نے11 بیرون ملک دورے کئے، اور ان دوروں پر ایک کروڑ 26 لاکھ 60 ہزار 876 روپے کے اخراجات آئے۔ وزیرپیٹرولیم مصدق ملک نے اسی عرصے میں 7 بیرون ممالک کے دورے کئے، اور ان کے بیرون ممالک دوروں پر 82 لاکھ 87 ہزار 271 روپے خرچ آیا۔ وفاقی وزیر تجارت نوید قمر نے 9 ماہ میں 7 ممالک کا دورہ کیا،اور 98 لاکھ 24 ہزار 255 روپے اخراجات آئے۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ وزیر مملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا نے 9 ماہ کے دوران 4 ممالک کا دورہ کیا، اور ان کے دوروں پر 70 لاکھ 36 ہزار 670 روپے خرچ ہوئے، سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کے دو دوروں پر سرکاری خزانے کو 20 لاکھ 51 ہزار 943 روپے اخراجات اٹھانا پڑے۔ وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے سوئٹزر لینڈ اور روس کا دورہ کیا، اور ان کے دو دوروں پر 37 لاکھ 91 ہزار 836 روپے خرچ ہوئے۔ وفاقی وزیر دفاعی پیدوار اسرار ترین نے 5 ممالک کے دورے کئے، ان دوروں پر مجموعی طور پر 77 لاکھ 56 ہزار 426 روپے کا خرچ آیا۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر شازیہ مری کے 4 دوروں پر 15 لاکھ 87 ہزار سے زائد کا خرچ آیا۔ فیصل کریم کنڈی کے دو ممالک کے دوروں پر 27 لاکھ 76 ہزار سے زائد کا خرچ آیا۔ وفاقی وزیر صحت قادر پٹیل نے سوئٹزرلینڈ اور امریکا کے دورے کئے۔ قادر پٹیل کے دو دوروں پر 77 لاکھ 56 ہزار سے زائد کے اخراجات آئے۔
دستاویزات کے مطابق وفاقی وزیر ساجد حسین توری نے سوئٹزرلینڈ سمیت 3 ممالک کا دورے کیا، ان کے بیرون ممالک اسفار پر 31 لاکھ، 16 ہزار 788 روپے خرچ ہوئے۔ سردار ایاز صادق نے فلپائن اور امریکا کے دورے کئے، ان کے دونوں دوروں پر 39 لاکھ 36 ہزار 208 روپے خرچ ہوئے۔
وفاقی وزیر پاور خرم دستگیر نے ایران اور جاپان کے دورہ کئے، اور ان کے دو دوروں پر 26 لاکھ 86 ہزار 343 روپے خرچ ہوئے۔ احسان مزاری کے 4 ممالک کے دوروں پر 46 لاکھ سے زائد کے اخراجات آئے۔ وفاقی وزیرصنعت وپیداوارمرتضی محمود نے قازقستان کا دورہ کیا، جس کے اخراجات واضح نہیں کئے گئے۔
وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق کے دو بیرون ممالک دوروں پر 15 لاکھ 55 ہزارسے زائد کا خرچ آیا۔ وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے امریکا، لندن، چین، مصر کے دورے کئے، لیکن احسن اقبال کے دوروں کے اخراجات پر وزارت نے اخراجات برداشت نہیں کئے۔ جب کہ وزیر قانون کے بیرون ملک 3 دوروں پر 26 لاکھ 81 ہزار سے زائد کا خرچ آیا۔
Comments are closed on this story.