Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ارشد شریف قتل کیس: چیئرمین پی ٹی آئی سمیت 5 افراد کو شامل کرنے کی درخواست مسترد

ارشد شریف قتل ازخود نوٹس کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری
شائع 14 جون 2023 05:23pm

سپریم کورٹ میں سینئر صحافی ارشد شریف قتل ازخود نوٹس کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سمیت 5 افراد کو شامل کرنے کی درخواست مسترد کردی۔

مزید پڑھیں: ارشد شریف کی والدہ کی عمران خان سمیت 5 افراد کو شامل تفتیش کرنے کی درخواست

سپریم کورٹ کی جانب سے جاری تحریری حکم نامہ میں کہا گیا کہ اٹارنی جنرل نے کینیا اور یو اے ای سے باہمی قانونی تعاون کے معاہدے سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا، اٹارنی جنرل کے مطابق اور یو اے ای سے باہمی قانونی تعاون کے معاہدوں کے لیے مزید وقت لگے گا، کینیا اور یو اے ای سے معاہدوں کے لیے اٹارنی جنرل کی مہلت دینے کی استدعا منظور کی جاتی ہے۔

مزید پڑھیں: کوئی مسٹر اے چلا بھی جائے تو مسٹر بی ایکٹیو ہوگا، چیف جسٹس

عدالت نے اپنے تحریری حکم نامہ میں کہا کہ ارشد شریف کی دوسری اہلیہ جویریہ صدیق کے وکیل نے اقوام متحدہ سے تعاون لینے بارے آگاہ کیا، ارشد شریف کی والدہ کے وکیل شوکت عزیز صدیقی نے 5 افراد کو شامل تفتیش کرنے کی درخواست کی، سپریم کورٹ معاملے کی تحقیقات میں صرف سہولت کاری کر رہی ہے، سپریم کورٹ کسی شخص کو شامل تفتیش کرنے کا نہیں کہہ سکتی۔

مزید پڑھیں: ارشد شریف کی دوسری اہلیہ نے سپریم کورٹ میں تحریری جواب جمع کرادیا

تحریری حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ ارشد شریف کے والدہ کے وکیل کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے نمٹائی جاتی ہے، جن افراد کو شامل تفتیش کرنا ہے اس کی درخواست جے آئی ٹی کو دی جاسکتی ہے، کیس کی مزید سماعت جولائی میں ہوگی۔

واضح رہے کہ 24 اکتوبر 2022 کو کینیا کے شہر نیروبی میں مگاڈی ہائی وے پر شناخت میں غلطی پر پولیس نے ارشد شریف کو سر پر گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔

ارشد شریف کی میت پاکستان لائے جانے کے بعد پمز اسپتال کے 8 رکنی میڈیکل بورڈ نے ارشد شریف کا پوسٹ مارٹم کیا تھا۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق ارشد شریف کے جسم پر تشدد کے نشانات واضح تھے، ان کو گولی انتہائی قریب سے ماری گئی تھی۔

پمز ذرائع کے مطابق ارشد شریف کا کینیا میں بھی پوسٹ مارٹم کیا گیا تھا جس کی وجہ سے موت کے وقت پہنے کپڑے ساتھ نہیں دیے گئے۔

اسلام آباد

imran khan

Supreme Court of Pakistan

arshad sharif

arshad sharif murder case