Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
29 Rabi Al-Akhar 1446  

سمندری طوفان کے اثرات کراچی پر پڑیں گے، ملیر سے انخلاء کیا جائے گا: شیری رحمان

چھوٹے جہازوں کا فلائیٹ آپریشن بند کر رہے ہیں، وفاقی وزیر
شائع 14 جون 2023 12:26pm
شیری رحمان کی چیئرمین این ڈی ایم اے ہمراہ پریس کانفرنس۔ فوٹو — اسکرین گریب
شیری رحمان کی چیئرمین این ڈی ایم اے ہمراہ پریس کانفرنس۔ فوٹو — اسکرین گریب

وفاقی وزیر برائے ماحولیات شیری رحمان کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب سے بننے والے سمندری طوفان ’بپر جوئے‘ کے اثرات کراچی پر رونما ہوں گے۔

اسلام آباد میں چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ طوفان اپنے متعین راستے پر چل رہا ہے جوکہ کل ساحل سے ٹکرائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جس راستے کی پیشگوئی کی گئی یہ اس پر چل رہا ہے، کراچی سے طوفان نہیں ٹکرائے لگا لیکن اس کے اثرات شہر پر رونما ہوں گے جب کہ بپر جوئے کیٹی بندر سے ٹکرائے گا۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ کراچی کے علاقے ملیر سے انخلا کیا جائے گا، ساحلی علاقوں سے انخلا انتہائی ضروری ہے اور لوگ رضاکارانہ طور پر بھی نقل مکانی کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ طوفان کا رخ تبدیل ہونے کے باوجود ہم نے الرٹ برقرار رکھے ہیں، طوفان کے باعث تیز ہوائیں اور بارشیں متوقع ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام متعلقہ ادارے حفاظتی اقدامات کے لئے تیار ہیں، متاثرین کو اسکولوں اور پکی عمارتوں میں منتقل کیا گیا جب کہ متاثرین کے لئے خیمے بھی لگادیئے گئے ہیں۔

شیری رحمان نے کہا کہ طوفان کی رفتار 150 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے، لہٰذا شہریوں سےاحتیاطی تدابیر کی اپیل ہے جب کہ ماہی گیروں سے درخواست ہے ساحل سے دور رہیں۔

فلائیٹ آپریشنز سے متعلق وفاقی وزیر برائے ماحولیات کا کہنا تھا کہ چھوٹے جہازوں کا فلائیٹ آپریشن بند کر رہے ہیں اور بڑے جہازوں کے لئے صورتحال کے مطابق ایڈوائزری جاری کریں گے۔

karachi

Sherry Rehman

Cyclone

Biporjoy