Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Akhirah 1446  

9 مئی کے ماسٹر مائنڈ محب وطن نہیں ہوسکتے، مریم اورنگزیب

ایک شخص نے ملک کو دیمک کی طرح کھانے کی کوشش کی، مریم اورنگزیب
شائع 13 جون 2023 06:58pm

وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ایک شخص نے ملک کو دیمک کی طرح کھانے کی کوشش کی، 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ محب وطن نہیں ہوسکتے۔

جناح ہاؤس لاہوردورے کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 9مئی کے ماسٹرمائنڈ محب وطن نہیں ہوسکتے، جو کچھ جناح ہاؤس میں ہوا یہ صرف ملک دشمن ہی کرسکتا ہے، یہاں رکھی قائد اعظم کی تصاویر کو بھی نذر آتش کیا گیا، اس کی مسجد کو بھی نہیں چھوڑا گیا، اسپتال، ایمبولینسز اور جانوروں کو بھی جلایا گیا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ایک شخص نے ملک کو دیمک کی طرح کھانےکی کوشش کی، 9 مئی کے واقعات میں ملوث عناصر کو سزا ملے تاکہ آئندہ کوئی ایسی جرات نہ کرسکے، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والوں کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیے۔

میٹ دی پریس سے وفاقی وزیر اطلاعات کا خطاب

اس سے قبل میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ صحافیوں کی ہیلتھ انشورنس کا مسئلہ حل کردیا ہے، ہیلتھ انشورنس میڈیاوکرز کے لئے ہے، 2ہفتے میں طریقہ کار طے کر لیا جائے گا، ماضی میں پارلیمنٹ کی پریس گیلری کو بند کردیا گیا تھا،۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہم نےہمیشہ مہنگا ترین ملک سستا کرکے دکھایا ہے، بجٹ میں ہر شعبہ میں بہتری لانے کے لئے سمت کا تعین کردیا گیا ہے، آئی ٹی کے لئے بڑی رقم رکھی گئی ہے، لون اسکیم متعارف کرائی گئی ہے سیلاب کے باوجود تاریخی فصلیں ہوئیں، اور حکومت نے بھی پیٹرول اور گندم کی قیمت کم کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام نے9مئی کے واقعات کو مستر د کردیا، قوم انتشار سے تھک چکی ہے اور چاہتی ہے کہ ایک دوسرے کو جوڑنے کا کلچر پروان چڑھے، موجود حکومت کا مقصد ہے کہ عوام کو جوڑنے کی بات کرے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، الیکشن ہوگا اور آئینی مدت پوری ہونے کے بعد وقت پر آئین کے مطابق ہوگا، ہم نے انتخابی مہم شروع کردی، مسلم لیگ ن نے شجاع آباد اور وہاڑی میں جلسے کر کے انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے، مریم نواز جلسوں سے خطاب کررہی ہیں۔

Maryam Aurangzeb

maryum aurangzeb