Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل جیت کر آسٹریلیا نے اہم اعزاز اپنے نام کرلیا

تینوں فارمیٹس میں عالمی ٹورنامنٹس جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی
شائع 12 جون 2023 11:47pm
فوٹو۔۔۔۔۔ آئی سی سی
فوٹو۔۔۔۔۔ آئی سی سی

آسٹریلیا نے بھارت کو ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں شکست دے کر ایک اہم اعزاز اپنے نام کرلیا، آسٹریلیا بین الاقوامی کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں عالمی ٹورنامنٹس جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

اتوار کو آسٹریلیا آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں بھارت کو 209 رنز سے شکست دے کر ٹیسٹ کرکٹ کا ورلڈ چیمپئن بن گیا۔

لندن کے اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے آخری روز بھارتی ٹیم 444 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 234 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی، ٹیسٹ کے آخری روز بھارت کی 7 وکٹیں صرف 70 رنز پر گر گئیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن لیون نے دوسری اننگز میں4 شکار کیے جبکہ اسکاٹ بولینڈ نے 3 وکٹیں حاصل کیں، مچل اسٹارک نے 2 اور پیٹ کمنز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 469 رنز بنائے تھے جبکہ دوسری اننگز 8 وکٹ 270 رنز پر ڈیکلیئر کی تھی، بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 296 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی تھی۔

بھارت کو شکست دے کر ٹیسٹ چیمپئن شپ اپنے نام کرنے کے بعد آسٹریلیا تمام آئی سی سی ٹورنامنٹ جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

آسٹریلیا 5 بار ورلڈکپ، 2 بار چیمپئن ٹرافی ، ایک بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اپنے نام کرچکا ہے اور اب ٹیسٹ چیمپئن شپ بھی جیت کر آسٹریلیا تمام آئی سی سی مینز ٹورنامنٹ جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

cricket

london

india vs australia

australian cricket team

icc world test championship final

all formates trophies