Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان کی بہن عظمیٰ خان کی 2 الگ الگ کیسز میں حفاظتی ضمانتیں منظور

لاہور ہائیکورٹ نے ایک مقدمے میں 19 جون جبکہ دوسرے میں 22 جون تک ضمانتیں منظور کیں
اپ ڈیٹ 12 جون 2023 05:33pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کی بہن عظمی خان کی لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ نے 2 الگ الگ کیسز میں حفاظتی ضمانتیں منظور کر لیں، 9 مئی کے واقعے پر درج مقدمے میں 19 جون جبکہ اینٹی کرپشن میں 52 سو کنال اراضی کیس میں 22 جون تک حفاظتی ضمانتیں منظور کی گئیں۔

سابق وزیراعظم کی بہن عظمی خان اپنے خلاف تھانہ سرور روڈ لاہور میں درج مقدمہ نمبر 96/23 میں حفاظتی ضمانت کرانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ پہنچیں۔

لاہور ہائیکورٹ ملتان کے ڈویژن بینچ نے عظمی خان کی 19 جون تک حفاظتی منظور کر لی۔

عظمی خان کے خلاف 9 مئی کے واقعات پر 10 مئی کو لاہور کے تھانہ سرور روڈ میں مقدمہ 96/23 درج کیا گیا تھا جس میں کار سرکار میں مداخلت اور احتجاج کرنے کا الزام عائد تھا۔

عظمی خان نے ڈی جی خان اینٹی کرپشن میں اپنی 52 سو کنال اراضی ملی بھگت سے اپنے نام کروانے کے کیس میں لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ سے رجوع کیا۔

جس پر عدالت عالیہ نے عظمیٰ خان اور ان کے شوہر احد مجید نیازی کی 22 جون تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔

اس موقع پر عظمی خان کے کونسل اور شوہر احد نیازی کا کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن نے جھوٹ پر مبنی مقدمہ درج کیا ہے، زمین کی خریداری کے تمام ثبوت موجود ہیں اور جو الزام عائد کیا گیا ہے اتنی مالیت کی زمین نہیں ہے۔

اینٹی کرپشن کی عظمیٰ خان کرپشن کیس کی ایف آئی آر میں غلطی کی وضاحت

اینٹی کرپشن حکام کی جانب سے عمران خان کی ہمشیرہ ڈاکٹر عظمیٰ خان کے خلاف کرپشن کیس کی ایف آئی آر میں غلطی پر وضاحت جاری کی گئی ہے۔

ترجمان اینٹی کرپشن پنجاب کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن کو موصول ہونے والے ریونیو ریکارڈ میں غلط تاریخ درج ہے۔

ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق رپورٹ میں محکمہ ریونیو کی بابت انتقال نمبر 24094 رقبہ 3061 کنال مورخہ 2022-02-30 درج ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اینٹی کرپشن، ریونیو ریکارڈ میں ردوبدل نہیں کر سکتا۔ تاریخ کی غلطی ریونیو ریکارڈ تیار کرنے میں ملزمان کی جلد بازی ظاہر کرتی ہے۔

ترجمان اینٹی کرپشن نے مزید کہا کہ ریونیو عملے سے جلد بازی میں ریونیو ریکارڈ میں غلط تاریخ درج ہوئی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم کی ہمشیرہ اور بہنوئی کے خلاف اربوں روپے کی زمین دھوکہ دہی سے خریدنے پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق ڈاکٹر عظمیٰ خان نے اربوں روپے کی زمین دھوکہ دہی سے صرف 13 کروڑ میں خریدی۔ ان کے خلاف ضلع لیہ میں 5261 کنال اراضی غیر قانونی طور پر خریدنے کا الزام ہے۔

anti corruption

corruption case

Uzma Khan

Politics 12 June 2023