Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

’مجھے ووٹ نہ دینے والے کی سیٹ بھی جائے گی اور ووٹ بھی کاؤنٹ نہیں ہوگا‘

ہم نے سپریم کورٹ کا فیصلہ لے کر الیکشن کمیشن کو بھیج دیا ہے، حافظ نعیم الرحمان
شائع 12 جون 2023 08:43am
حافظ نعیم الرحمان ادارہ نور حق میں کارکنان سے خطاب کر رہے ہیں (فائل فوٹو)
حافظ نعیم الرحمان ادارہ نور حق میں کارکنان سے خطاب کر رہے ہیں (فائل فوٹو)

جماعت اسلامی کراچی کے امیر اور کراچی کیلئے نامزد مئیر حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ مئیر الیکشن میں جو چئیرمین پی ٹی آئی کی ہدایات کے مطابق مجھے ووٹ نہیں دے گا یا غیرحاضر ہوگا وہ نااہل ہوگا اور اس کا ووٹ بھی نہیں گنا جائے گا، پی ٹی آئی کے کئی چیئرمین سے رابطے میں ہوں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ’ایک پارٹی کے سربراہ نے اس کے چئیرمین نے ہماری حمایت کا اعلان کیا ہے، تو جب ہماری حمایت کا اعلان کیا ہے تو جتنے منتخب لوگ ہیں وہ پابند ہیں کہ وہ ہمیں ووٹ دیں، اگر وہ ووٹ نہیں دیں گے تو ان پر ڈیفیکشن کلاز (انحراف کی شق) لگے گی، وہ (گرفتار اراکین) نہیں آئیں تو اس پر لیٹر جاری کرنا ہے اس پر بھی ڈیفیکشن کلاز لگے گی، اور اگر ان کو پروڈیوس کردیا گیا اور انہوں نے پیپلز پارٹی کے حق میں ووٹ ڈالا تو بھی ڈیفیکشن کلاز لگے گی اور ووٹ کاؤنٹ نہیں ہوگا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’یہ لوگ یہ منصوبہ بنا رہے تھے کہ ووٹ کاؤنٹ ہوجائے گا اور بعد میں ان کو ڈسکوالیفائی (نااہل) کردیں گے‘۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم نے سپریم کورٹ کا فیصلہ لے کر الیکشن کمیشن کو بھیج دیا ہے، جس میں واضح طور پر لکھا ہے کہ سیٹ بھی جائے گی اور ووٹ بھی کاؤنٹ نہیں ہوگا۔

حافظ نعیم الرحمان کا دعویٰ ہے پی ٹی آئی کی حمایت کے بعد جماعت اسلامی کے حامی چئیرمینز کی تعداد 193 ہوجائے گی، جبکہ مئیر الیکشن جیتنے کیلئے انہیں 184 درکار ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے پی ٹی آئی کے جو چئیرمینز ان سے رابطہ کرتے ہیں انہیں گرفتار کرلیا جاتا ہے یا گمشدہ کردیا جاتا ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ ہارس ٹریڈنگ بھی ہو رہی ہے، پیپلز پارٹی چئیرمینز کو خرید رہی ہے۔

Hafiz Naeem ur Rehman

Mayor Karachi Election