Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بجٹ 2023-24: کراچی کیلئے صرف ایک اسکیم ہی 12 ارب کی ہے، مراد علی شاہ

سندھ کے بجٹ کا کل حجم 2.25 ٹریلین روپے ہے، مراد علی شاہ
اپ ڈیٹ 11 جون 2023 04:00pm
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد عالی شاہ پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کر رہے ہیں (اسکرین گریب/پی ٹی وی)
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد عالی شاہ پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کر رہے ہیں (اسکرین گریب/پی ٹی وی)

وزیراعلٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کل کافی سال بعد آرام سے بجٹ تقریر کی تھی۔

ہفتہ کو صوبائی اسمبلی میں بجٹ پیش کرنے بعد آج پوست بجٹ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں طوفان کا خدشہ ہے، کراچی میں بھی بارشیں متوقع ہیں، طوفان کی وجہ سے تیز ہوائیں چلیں گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ٹھٹھہ، سجاول اور بدین میں زیادہ خطرہ ہے، پاک افواج سے بھی مدد مانگ لی ہے، 8 سے 9 ہزار خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ طوفان سے قبل ہی اقدامات اٹھا رہے ہیں، کراچی میں بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ طوفان کے وقت گھروں سے نہ نکلیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت پوری طرح سے تیار ہے، کوشش ہے کہ کم سے کم مالی نقصان ہو، ہوسکتا ہے کل ٹھٹھہ، سجاول اور بدین کا دورہ کروں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے، ہمیں سکھایا گیا ہے کہ عوام طاقت کا سرچشمہ ہیں، ہمیں عوام کی خدمت کا سکھایا گیا ہے، پیپلزپارٹی سندھ کے عوام کی خدمت کرتی ہے، سندھ میں استحکام پیپلز پارٹی کی وجہ سے ہے، استحکام کی علامت پیپلز پارٹی ہے، پیپلز پارٹی ہی ملک میں استحکام لائے گی۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے بجٹ کا کل حجم 2.25 ٹریلین روپے ہے، ہم ترقیاتی اسکیموں کیلئے قرض لیتے ہیں، ڈالر کی قدر بڑھنے سے ہمارا قرض بڑھ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بھی سندھ میں ریکارڈ بارشیں ہوئیں، ہم نے بہتر انداز میں برساتی پانی کے نکاس کیلئے کام کیا، بارش کے بعد سابق وزیراعظم سے کہا تھا گندم کی فصل بوئیں گے، ہم گندم کی ریکارڈ پیداوار میں کامیاب ہوگئے۔

وزیراعلی سندھ کے مطابق سندھ میں 23-2022 میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔ سیلاب کےدوران ہم نےایک ملین ٹینٹس تقسیم کیے، ماضی میں کبھی سیلاب متاثرین کے گھر نہیں بنائے گئے تھے، بلاول بھٹو کی ہدایت پر متاثرین کو گھر بنا کر دیئے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ بجٹ، سرکاری ملازمین کے وارے نیارے، کم از کم تنخواہ 35 ہزار 550 مقرر

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہماری تقریباً تمام اسکیمیں آخری مراحل میں ہیں، سیلاب کے باوجود ہم نے ریکارڈ گندم کی پیداوار کا ہدف حاصل کیا، سیلاب سے تباہ حال سڑکوں کو دوبارہ بنایا جارہا ہے، عوام کیلئے اسکیموں پر کام بھی جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روڈ سیکٹر میں 300 ملین ڈالرز ورلڈ بینک نے فراہم کئے، 80 فیصد سے زائد کام کیا جا چکا ہےاور باقی بھی جلد ہوجائے گا، عوام کیلئے اسکیموں پر کام بھی جاری ہیں، عوام کیلئے بس سروسز بھی شروع کی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی کے حوالے سے صرف ایک اسکیم 12 ارب کی ہے، شور مچایا گیا کہ کراچی کیلئے صرف 12 ارب روپے رکھے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ بی آر ٹی ریڈ لائن پر بھی کام جاری ہے، یلو لائن پر بھی کام جاری ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ جی ایم سی میں سہولیات سے سب مستفید ہوتے ہیں، ایس آئی یو ٹی بھی عوام کو سہولت فراہم کررہا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سب سے کہتا ہوں تعصب کی عینک ہٹا کر دیکھیں، پوری دنیا میں ہی ترقیاتی کام کروائے جا رہے ہیں، ہم پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کام کررہے ہیں۔ کراچی ٹھٹھہ روڈ مکمل ہوچکا ہے، سندھ نوری آباد پاور کمپنی کراچی کو بجلی فراہم کررہی ہے، ملیر ایکسپریس بھی مکمل ہوچکا ہے، دھابیجی انڈسٹریل اسٹریٹ پر 16 ارب روپے خرچ کیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں 56 ارب روپے کے کام مکمل ہوچکے ہیں، 200 بلین روپے سے زائد کی ترقیاتی اسکیموں پر کام جاری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تنقید کرنے والے پیپلز پارٹی کی کامیابی سے ڈر گئے ہیں، کراچی اورحیدرآباد کا مئیر ہمارا آرہا ہے، ہم محنت سےعوام کی خدمت کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم محنت سے عوام کی خدمت کر رہے ہیں، ہم اپنے ریونیو پر بھی کام کر رہے ہیں۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ وفاق کی جانب سے ملنے والے منصوبوں سے خوش نہیں ہیں، گزشتہ حکومت میں سندھ کے ساتھ بہت زیادتی ہوئی، وفاق سے مطالبہ ہے کہ سندھ کو دیگر صوبوں کے برابر رکھیں۔

ایک سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیراعلی کیلئے ہیلی کاپٹر 1992 میں خریدا گیا تھا، گزشتہ سال سیلاب کی وجہ سے زیادہ ہیلی کاپٹر استعمال کیا، ہیلی کاپٹر پر سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کئے، ہیلی کاپٹر دوروں پر تنقید مناسب نہیں ہے، کوشش ہوتی ہے ذاتی گاڑی پردورہ کروں۔

Sindh budget

Syed Murad Ali Shah

budget 2023 24