Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

حافظ آباد اور چونیاں میں لڑکیوں سے زیادتی، 5 ملزمان گرفتار، 3 مفرور

نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کا نوٹس، آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب، متاثرین کو انصاف فراہمی کی یقین دہانی
فوٹو ــ آرٹ ورک
فوٹو ــ آرٹ ورک

** پنجاب کے شہروں حافظ آباد اور چونیاں میں دو لڑکیوں سے زیادتی کی گئی ہے۔ پولیس نے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔**

حافظ آباد کے علاقہ سوئیا نوالہ میں گیارہویں کلاس کی طالبہ ٹیوش پڑھ کر واپس گھر آرہی تھی کہ راستے میں 3 با اثر ملزمان لقمان، مٹھو، کلیم اللہ نے دو خواتین کی ملی بھگت سے اسے اغواء کرلیا۔ جس کے بعد ملزمان نے طالبہ کے ساتھ مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کی۔

پولیس نے متاثرہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں دو خواتین سمیت پانچ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ مرکزی ملزم لقمان ، دو خواتین فائزہ اور کبریٰ کو گرفتار کرلیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ طالبہ اور گرفتار ملزم کا میڈیکل کروانے کے بعد ڈی این اے کے سیمپل لاہور لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں جبکہ باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی طالبہ کے اغواء اور زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیا۔ محسن نقوی نے آئی جی پنجاب سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔ وزیر اعلیٰ نے متاثرہ لڑکی کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے اور مفرور ملزمان کی جلد گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب چونیا‌ں کے نواحی گاؤں کوٹ وٹواں میں بھی درندگی کا واقعہ پیش آیا۔ تیرہ سالہ لڑکی کو تین اوباش نوجوان نے اسلحہ کے زور پر فصلوں میں لے جا کر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

ڈی پی او قصور طارق عزیز سندھو کے نوٹس لینے کے بعد تھانہ چھانگا مانگا کی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ تیسرے کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

متاثرہ لڑکی کے والدین غم سے نڈھال ہیں اور اعلی حکام سے انصا کی اپیل کی ہے۔ ٹی ایچ کیو اسپتال کی ابتدائی طبی رپورٹ میں لڑکی سے زیادتی کی تصدیق ہوگئی ہے۔ میڈیکل کی مزید تفصیلات کے لیے نمونے لاہور پی ایف ایس اے کو بھیج دیے گئے ہیں۔

Child Abuse

Punjab police

Rape Case

Punjab Crime